• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

لاہور: میاں بیوی اور بہو پر تیزاب پھینک دیا گیا

شائع December 7, 2016

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں نامعلوم ملزمان نے میاں بیوی اور بہو پر تیزاب پھینک دیا۔

پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے باغبانپورہ کے رہائشی محمد بوٹا نے بتایا کہ وہ اپنے گھر کی چھت پر موجود تھے کہ ایک خاتون سمیت 3 نامعلوم افراد ان کے گھر آئے اور گھر میں موجود خواتین پر تیزاب پھینکنے کی کوشش کی۔

محمد بوٹا کے مطابق شور سن کر وہ نیچے آئے، جہاں ان کی ملزمان کے ساتھ ہاتھا پائی ہوئی۔

انھوں نے بتایا کہ اس دوران ملزمان نے فائرنگ کردی، تاہم وہ محفوظ رہے، بعدازاں ملزمان ان پر، ان کی اہلیہ سرور بی بی اور بہو شمع پر تیزاب پھینک کر فرار ہوگئے۔

متاثرین کو طبی امداد کے لیے میو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

مزید پڑھیں:لاہور: شوہر نے بیوی کو تیزاب سے جلا دیا

دوسری جانب واقعے کا مقدمہ تھانہ باغبانپورہ میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کروایا گیا۔

محمد بوٹا کا کہنا تھا کہ ان کی کسی کے ساتھ ذاتی دشمنی بھی ہے اور انھیں شک ہے کہ یہ ان کا کام ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب تھانہ باغبانپورہ کے ایس ایچ او یاسر گجر کا کہنا تھا کہ شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جائیں گی۔

حالیہ دنوں میں پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیزاب گردی کے بیشتر واقعات سامنے آئے۔

یہ بھی پڑھیں:اسٹیج اداکارہ پر تیزاب پھینک دیا گیا

رواں برس مئی میں بیوٹیشن اور جزوقتی اسٹیج اداکارہ انعم خان پر ساہیوال کے عارف والا پُل کے علاقے میں تیزاب پھینک دیا گیا تھا۔

پولیس نے بتایا تھا کہ انعم خان کا کزن فہد لودھی اس سے شادی کرنا چاہتا تھا اور اسے اسٹیج اداکاری کا پیشہ چھوڑنے کا کہا کرتا تھا، لیکن انعم نے اپنے کزن کی شادی کی پیشکش ٹھکرادی جس پر اس نے بدلہ لینے کے لیے انعم کو تیزاب گردی کا نشانہ بنایا۔

اس سے قبل اگست 2014 میں بھی لاہور کے علاقے بیگم کوٹ میں شوہر نے بیوی پر تیزاب پھینک دیا تھا، جس سے خاتون بری طرح جھلس گئی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024