خیبر ایجنسی: فضائی کارروائی میں 12 ’دہشت گرد‘ ہلاک
لنڈی کوتل: خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں فضائی کارروائی کے دوران 12 مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق فضائی کارروائی افغانستان کی سرحد کے قریب قبائلی علاقے کوکیخیل کی وادی راجگال میں کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر ایجنسی میں فضائی کارروائی، 9 'دہشت گرد' ہلاک
ذرائع کا کہنا تھا کہ کارروائی کا حکم راجگال کے گھنے جنگل میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر دیا گیا۔
فضائی کارروائی کے دوران پاک فضائیہ کے جنگی جہازوں نے دہشت گردوں کے تین ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا۔
مزید پڑھیں: خیبر ایجنسی میں کارروائی، 15 ’دہشتگرد‘ ہلاک
دو کالعدم دہشت گرد تنظیموں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور لشکر اسلام نے، باڑہ سے فرار اختیار کرنے کے بعد راجگال اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں اپنے ٹھکانے اور تربیتی کیمپس قائم کر رکھے تھے۔
یہ خبر 5 دسمبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔