پاکستان کی ایک ماہ میں نمبر1 سے چوتھے پر تنزلی
پاکستان کرکٹ ٹیم کی نیوزی لینڈ کے خلاف دومیچوں کی سیریز میں شکست کے ساتھ ہی آئی سی سی کی ٹیسٹ درجہ بندی میں دوسرے سے چوتھے نمبر پر تنزلی ہوگئی۔
پاکستان کو نیوزی لینڈ نے ہملٹن میں کھیلے گئےمیچ میں 138 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کرکے 30 سال بعد قومی ٹیم سے سیریز میں فتح حاصل کرنے کا اعزاز پایا تھا۔
کیوی ٹیم نے پاکستان کو پہلی مرتبہ وائٹ واش شکست سے دوچار کردیا ہے۔
مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کی 30 سال بعد پاکستان کیخلاف سیریز میں فتح
آئی سی سی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم جب سیریز کے لیے جارہی تھی تو اس کے 109 پوائنٹس تھے جبکہ ہندوستان 115 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست تھا تاہم قومی ٹیم کے پوائنٹس گر کر 102 ہوئے جو جنوبی افریقی ٹیم کے برابر ہیں تاہم اعشاری پوائنٹس میں بہتری کےباعث جنوبی افریقہ پر برتری حاصل ہے۔
درجہ بندی میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے پوائنٹس بھی 105 ہیں تاہم انگلینڈ اعشاری پوائنٹس میں برتری کے باعث دوسرے اور آسٹریلیا کا تیسرا نمبر ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے رواں سال انگلینڈ کے دورے میں سیریز کو برابر کے درجہ بندی میں پہلی مرتبہ برتری حاصل کی تھی جس کو ہندوستان نے گزشتہ ماہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں نیوزی لینڈ کو وائٹ واش شکست دے کر چھین لیا تھا۔
تازہ درجہ بندی میں ہندوستان 10 پوائنٹس کی واضح برتری کے ساتھ بدستورسرفہرست ٹیم ہے۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف کامیابی کے بعد ایک درجہ ترقی پا کر چھٹی پوزیشن حاصل کی ہے۔
نیوزی لینڈ نے سیریز سے 5 قیمتی پوائنٹس حاصل کرکے اپنے مجموعی پوائنٹس کی تعداد 96 کی ہے جو اعشاری پوائنٹس میں سری لنکا سے بہتر ہے.
آئی سی سی کی جانب سے جاری درجہ بندی کے مطابق سرفہرست سات ٹیموں میں 20 پوائنٹس کا فرق ہے اور 6 ٹیموں کے درمیان 10 پوائنٹس کا فرق ہے۔
سرفہرست ٹیم ہندوستان کو انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہے جبکہ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان اگلے ماہ سے ٹیسٹ سیریز کا آغاز ہوگا۔
تبصرے (1) بند ہیں