پاکستان کو جونیئرہاکی ورلڈ کپ سے روک دیا گیا
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے پاکستان ہاکی ٹیم کو ہندوستان میں ہونے والے جونیئرہاکی ورلڈ کپ میں شرکت سے روک دیا جبکہ ملائیشا کی جونیئرٹیم کو شرکت کی دعوت دے دی۔
ایف آئی ایچ کا کہنا ہے کہ کئی دفعہ رابطہ کرنے کے باوجود پاکستان نے اترپردیش میں ہونے والے جونیئرہاکی ورلڈ کپ کے لیے ویزے کی درخواست مقررہ تاریخ کے بعد دی اور مقررہ تاریخ تک دیگر معاملات بھی طے نہیں کرپائے۔
ایف آئی ایچ نے پاکستان ٹیم کے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر افسوس کا اظہار کیا حالانکہ پاکستان ٹیم نے باقاعدہ طورپر ایونٹ کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا۔
دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکرٹری شہباز سینئر نے ایف آئی ایچ کے موقف کو رد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے 24 اکتوبر کو کھلاڑیوں کے ویزوں کے لیے درخواست دے دی تھی لیکن ہندوستان کی جانب سے ویزوں کے اجرا میں تاخیر ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے پہلے ہی اس کی بومحسوس ہوئی تھی کہ ایف آئی ایچ پاکستان کے خلاف جائے گا' لگتا یوں ہے کہ یہ پہلے سے طے شدہ فیصلہ تھا۔
مزید پڑھیں: جونیئرہاکی ورلڈکپ: پاکستان ٹیم انڈیا جائے گی
شہباز سینئر کا کہنا تھا کہ آئی ایچ ایف کے فیصلے سے پاکستان ہاکی کو شدید نقصان پہنچے گا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے ایونٹ میں شرکت کے لیے این او سی جاری کی تھی جس کو کھیل کے حلقوں کی جانب سے سراہا گیا تھا لیکن پاکستان کے لیے مایوس کن خبر ہے۔
شہباز سینئر نے کہا کہ ہم نے ایونٹ کے پیش نظر کھلاڑیوں کے لیے تربیتی سیشن کا انتظام کیا تو ہم کیسے تاخیر کرسکتے ہیں۔
جونیئرہاکی ورلڈکپ اترپردیش کے شہر لکھنئو میں 8 دسمبر سے 18 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔