• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

بگٹی قتل کیس: مشرف کے وارنٹ گرفتاری جاری

شائع November 28, 2016

بلوچستان ہائیکورٹ نے اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

بلوچستان ہائیکورٹ کے ڈویژنل بنچ کے جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس ظہیرالدین کاکڑ نے نواب اکبر بگٹی کے بیٹے نواب زادہ جمیل بگٹی کی جانب سابق صدر پرویز مشرف کی بریت پر دائر نظرثانی کی درخواست کی سماعت کی۔

سابق صدر کے وکیل ایڈووکیٹ اختر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل عدالت کی تعظیم کرتے ہیں مگر سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے عدالت میں پیش ہونے سے قاصر ہیں جس پر جمیل بگٹی کے وکیل کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کو عدالت کی جانب سے متعدد نوٹس بھجوائے جاچکے ہیں لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔

پرویز مشرف کے وکیل کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کے اظہار کے بعد عدالت نے انتظامیہ کو سابق صدر کی آمد کے موقع پر سخت سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں اور کیس کی سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کردیا گیا۔

یاد رہے کہ 16 جنوری 2016 کو کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو بری کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اکبر بگٹی قتل کیس میں پرویز مشرف بری

عدالت نے اکبر بگٹی کے بیٹے نوابزادہ جمیل بگٹی کی والد کی قبر کشائی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے تقریباً چھ سال بعد کیس کا فیصلہ سنایا اور پرویز مشرف، اس وقت کے وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور صوبائی وزیر داخلہ میر شعیب نوشیروانی کو کیس سے بری کردیا تھا۔

جس کے بعد نواب اکبر بگٹی کے بیٹے نوابزادہ جمیل بگٹی نے پرویز مشرف کی بریت کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں: اکبر بگٹی قتل کیس: پرویز مشرف پر فرد جرم عائد

نواب اکبر خان بگٹی 26 اگست 2006 کوہلو میں اس وقت کے صدر اور آرمی چیف پرویز مشرف کے حکم پر کیے جانے والے ایک کریک ڈاؤن میں اس وقت ہلاک ہوگئے تھے، جب وہ ایک غار میں پناہ لیے ہوئے تھے۔

ان کے بیٹے نوابزادہ جمیل اکبر بگٹی نے پرویز مشرف، سابق وزیرِ اعظم شوکت عزیز، آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور دیگر اعلیٰ حکام کو اس قتل کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔

دوسری جانب، سابق صدر پرویز مشرف کو اکبر بگٹی کیس کے علاوہ دیگر مقدمات میں بھی الزامات کا سامنا ہے، جن میں 2007ء میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے قتل، ملک میں ہنگامی حالت کا نفاذ کرتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ کے 60 ججوں کو نظربند کرنا اور لال مسجد کے غازی عبدالرشید کے قتل جیسے مقدمات شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024