’نئے آرمی چیف کا سوشل میڈیا پر کوئی اکاؤنٹ نہیں‘
راولپنڈی : پاک فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نئے آرمی چیف کا سوشل میڈیا پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے جبکہ فوجی سربراہ کی تبدیلی کی تقریب کی ریہرسل بھر پور انداز سے جاری ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) جنرل عاصم باجوہ نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا سوشل میڈیا پرکوئی اکاؤنٹ نہیں ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جنرل قمر باجوہ سے منسوب سوشل میڈیا اکاؤنٹس جعلی ہیں، نئے آرمی چیف کا فیس بک، ٹوئٹر اور دیگر سوشل سائٹس پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جنرل قمر جاوید باجوہ نئے آرمی چیف مقرر
خیال رہے کہ گزشتہ روز کئی جعلی اکاؤنٹس سامنے آئے تھے جو کہ نئے فوجی سربراہ سے منسوب کیے جا رہے تھے، تاہم اب آئی ایس پی آر کی جانب سے باقاعدہ تصدیق بھی ہو گئی ہے کہ ان اکاؤنٹس میں سے کوئی بھی حقیقی نہیں ہے۔
مزید پڑھیں:راحیل شریف: ایک بہادر سپہ سالار کی داستان
جنرل عاصمہ باجوہ کا ایک اور ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ آرمی چیف کی کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب 29 نومبر کو جی ایچ کیو میں ہوگی اور اس حوالے سے ریہرسل بھرپور انداز میں جاری ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ملٹری کی نئی قیادت کو جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز آمد میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جائے گا۔
دوسری جانب وکی پیڈیا نے بھی اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا ہےکہ پاکستان کے نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا صفحہ کچھ دنوں کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
وکی پیڈیا کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹ کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ سے متعلق صفحے پر منتشر معلومات کو روکنے اور مصدقہ معلومات یکجا کرنے تک صفحہ بند رہے گا۔
خیال رہے کہ ہفتہ 26 نومبر کو وزیر اعظم نواز شریف نے صدر ممنون حسین کی تجویز پر لیفٹننٹ جنرل قمر باجوہ اور لیفٹننٹ جبرل زبیر محمود حیات کو جنرل کے عہدے پر ترقی دینے کے بعد جنرل قمر جاوید باجوہ کو آرمی چیف جب کہ جنرل زبیر محمود حیات کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر کیا تھا۔
اس سے پہلے نئے آرمی چیف کے حوالے سے مختلف چہ مگوئیاں کی جا رہی تھیں،آرمی چیف کے عہدے کے لیے 4 اعلیٰ ترین افسروں کے ناموں پر غور کیا جا رہا تھا۔
نئے مقرر کیے جانے والے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جگہ لیں گے، جنرل راحیل شریف 29 نومبر کو اپنے عہدے سے ریٹائرڈ ہو رہے ہیں، راحیل شریف نے ریٹائرمنٹ سے کئی ماہ قبل ہی وقت پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
جنرل راحیل شریف کی جانب سے اپنے الوداعی دورں اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز راحیل شریف نے پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے الوداعی دورے کیے،اس سے پہلے راحیل شریف کے اعزاز میں وزیر اعظم نواز شریف اور صدر ممنون حسین نے عشائیے دیے تھے۔