ہملٹن: بابر نے پاکستانی بیٹنگ کی لاج رکھ لی
ہملٹن: نوجوان بابر اعظم کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان کی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 216 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
بابر کے ناقابل شکست 90 رنز کی بدولت پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کے 271 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 216 رنز بنانے میں کامیاب رہی تاہم اس کے باوجود نیوزی لینڈ پہلی اننگز میں 55 رنز کی برتری لینے میں کامیاب رہا۔
تیسرے روز وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ بھی جاری رہا جس کے بعد کئی بار میچ کو روکنا پڑا اور بالآخر کھیل کو منسوخ کرنا پڑا، نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز میں صرف ایک گیند ہی پھینکی جاسکی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز جیت راول اور ٹام لیتھم نے کیا۔
قبل ازیں پاکستان کی پوری ٹیم 216 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 90 ، سرفراز احمد 41 اور سہیل خان 37 رنز بناکر نمایاں رہے اور پاکستان کو باعزت مجموعہ حاصل کرنے میں مدد کی۔
یہ بھی پڑھیں: 'مہنگے کوچز کو بلے بازوں کی غلطیوں کو سدھارنا ہوگا'
وہاب ریاض 0، محمد عامر 5 اور عمران خان 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 6 کھلاڑیوں اور نیل وینگر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دوسرے روز پاکستان کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہوگئی تھی اور کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 76 رنز بنائے تھے۔
وسرے روز نیوزی لینڈ کے 271 رنز کے جواب میں پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا، تاہم اوپنرز سمیع اسلم اور اظہر علی کریز پر زیادہ دیر تک جمے نہ رہ سکے۔
سمیع اسلم 5 اور اظہر علی ایک رن پر آوٹ ہوگئے، ان کے بعد آنے والے یونس خان بھی 2 رنز بناسکے۔
اس طرح 12 کے مجموعی اسکور پر پاکستانی کے 3 بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے، جنھیں ٹم ساؤتھی نے آؤٹ کیا۔
پاکستان کے اسد شفیق نے بھی 23 رنز بنائے اور وہ نیل ویگنر کی گیند پر آؤٹ ہو گئے، محمد رضوان نے پہلی ہی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش کی، لیکن قسمت نے ساتھ نہ دیا اور وہ کیچ آوٹ ہوگئے۔
مزید پڑھیں: ہملٹن میں بھی پاکستان کے شکار کیلئے ہری وکٹ تیار
دوسرے روز کھیل کے اختتام تک بابر اعظم نے 34 اور سرفراز احمد نے 9 رنز بنائے تھے۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے 77 رنز پر 2 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تھا۔
تاہم 119 کے مجموعی اسکور پر نیوزی لینڈ کے 5 بلے باز پویلین لوٹ گئے، روس ٹیلر 37، ہینری نکولس 13 اور ڈی گرینڈہوم 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
مستند بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کا باجود پاکستان صوتحال سے فائدہ نہ اٹھا سکا اور آخری 5 بلے باز پاکستانی باؤلرز کے لیے درد سر بنے رہے اور مزید 152 رنز بنا ڈالے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے بی جے واٹلنگ 49 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے جبکہ جیت راول 55 نز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے سہیل خان سب سے کامیاب رہے، انھوں نے 4 وکٹیں لیں جبکہ عمران خان نے 3 اور محمد عامر نے 2 وکٹیں حاصل کیں، وہاب ریاض نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز پہلے دن کا کھیل ہملٹن میں مسلسل بارش کے باعث 21 اوورز کے بعد منسوخ کردیا گیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے دوسرے ٹیسٹ میچ میں محمد رضوان کو ڈیبیو کرایا گیا ہے جبکہ مصباح الحق اپنے سسر کے انتقال کی وجہ سے پاکستان واپس جاچکے ہیں اور ان کی غیر موجودگی میں کپتانی کے فرائض اظہر علی انجام دے رہے ہیں۔
دوسری جانب کیوی فاسٹ باؤلر ٹرینٹ بولٹ انجری کے باعث دوسرے ٹیسٹ کا حصہ نہیں ہیں جبکہ پہلا ٹیسٹ میچ نیوزی لینڈ نے 8 وکٹوں سے جیتا تھا اور دو میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی تھی۔