ہملٹن ٹیسٹ:پہلے دن کا کھیل 21 اوورز بعد منسوخ
ہملٹن: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل ہملٹن میں مسلسل بارش کے باعث 21 اوورز کے بعد منسوخ کردیا گیا۔
ہملٹن کے سیڈن پارک میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی کپتان اظہر علی نے میزبان ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
نیوزی لینڈ کو پہلا نقصان محض 5 کے مجموعی اسکور پر ہوا، جب ٹام لیتھم بغیر کوئی رن بنائے محمد عامر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
کپتان کین ولیمسن کریز پر آئے تو وہ بھی اوپنر جیت راوَل کا زیادہ دیر تک ساتھ نہ دے سکے اور سہیل خان کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔
دوسری وکٹ گرنے کے بعد روس ٹیلر بیٹنگ کے لیے آئے اور جیت راول کا ساتھ دیتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔
مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کی 30 سالہ جمود توڑنے پر نظریں مرکوز
تاہم جیسے ہی نیوزی لینڈ کا مجموعی اسکور 77 پر پہنچا ایک بار پھر بارش شروع ہوگئی جس کے باعث میچ کو روکنا پڑا، واضح رہے کہ بارش کے باعث میچ کا آغاز بھی تاخیر سے ہوا تھا۔
تاہم امپائرز نے چائے کے وقفے کے بعد پہلے دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
آج صرف 21 اوورز کا کھیل ممکن ہوا، جس میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کی 2 وکٹیں حاصل کیں تاہم میزبان ٹیم نے 77 رنز بنالیے۔
کل دوسرے روز کھیل کا آغاز مقررہ وقت سے آدھے گھنٹے پہلے ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ہملٹن میں بھی پاکستان کے شکار کیلئے ہری وکٹ تیار
پاکستان کی جانب سے دوسرے ٹیسٹ میچ میں محمد رضوان کو ڈیبیو کرایا گیا ہے۔
دوسری جانب کیوی فاسٹ باؤلر ٹرینٹ بولٹ انجری کے باعث دوسرے ٹیسٹ کا حصہ نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ کرائسٹ چرچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کا کھیل بھی موسلا دھار بارش کے باعث نہیں ہوپایا تھا، جس میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 8 وکٹ سے شکست دی تھی۔