راحیل شریف نے خود کو بہترین آرمی چیف ثابت کیا، وزیراعظم
وزیر اعظم نواز شریف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سخت محنت اور عزم و ہمت کی بدولت راحیل شریف بہترین آرمی چیف ثابت ہوئے۔
وزیر اعظم نے آرمی چیف کے اعزاز میں دیے گئے الوداعی عشائیے سے خطاب کے دوران ملکی دفاع کیلئے جنرل راحیل شریف اور ان کے اہلخانہ کی خدمات کو سراہا۔
نواز شریف نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کو بہترین خدمات پر آرمی چیف مقرر کیا گیا تھا اور ملک کے دفاع کیلئے ان کا خاندان کی خدمات بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ جنرل راحیل شریف سے اسٹریٹیجک مشاورت کرتا تھا اور مستقبل میں بھی ایسا کرتا رہوں گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ وہ ان خوبصورت الفاظ اور ہمیشہ تعاون کرنے پر وزیر اعظم کے مشکور ہیں۔
اس سے قبل نواز شریف نے آرمی چیف سے ملاقات بھی کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں آرمی چیف کے اعزاز میں دیے گئے اس عشائیے کی تقریب میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر خان جنجوعہ، لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد، لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال رمدے اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر رضوان اختر سمیت اعلیٰ سیاسی، سول اور فوجی قیادت نے بھی شرکت کی۔
تبصرے (3) بند ہیں