• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ٹرمپ نے بھارتی نژاد خاتون کو اقوام متحدہ کی سفیر نامزد کردیا

شائع November 24, 2016

صدر کے عہدے کے لیے منتخب ہونے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی کابینہ میں پہلی بار دو خواتین کو بھی شامل کرلیا۔

ری پبلکن رہنما ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارتی نژاد خاتون نکی ہیلے کو اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نامزد کردیا جسے بین الاقوامی سفارتکاری میں انتہائی اہم عہدہ تصور کیا جاتا ہے۔

جنوبی کیرولائنا کی گورنر نکی ہیلے — فائل فوٹو / اے ایف پی
جنوبی کیرولائنا کی گورنر نکی ہیلے — فائل فوٹو / اے ایف پی

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 44 سالہ نکی ہیلے ریاست جنوبی کیرولائنا کی گورنر کے عہدے پر فائز ہیں اور ان کے والدین کا تعلق بھارت سے تھا۔

نکی ہیلے کو ریاست جنوبی کیرولائنا کی پہلی خاتون اور اقلیت سے تعلق رکھنے والی گورنر بننے کا اعزاز حاصل ہے۔

نکی ہیلے کے علاوہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بیٹسی ڈیووس کو بھی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور انہیں سیکریٹری تعلیم نامزد کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ نے سی آئی اے کے سربراہ کااعلان کردیا

واضح ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی اور کشمیر کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں اقوام متحدہ میں بھارتی نژاد امریکی سفیر کی موجودگی پاکستان کے لیے باعث تشویش ہوسکتا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی اعلیٰ ظرفی

نکی ہیلے کی نامزدگی کو اس لیے بھی حیران کن قرار دیا جارہا ہے کیوں کہ ڈونلڈ ترمپ اور ان کے درمیان ماضی میں کئی معاملات پر اختلافات رہے ہیں۔

امریکی ٹی وی سی این این کی رپورٹ کے مطابق انتخابی مہم کے دوران نکی ہیلے ڈونلڈ ٹرمپ کی مخالف تھیں اور انہوں نے مارکو روبیو اور سینیٹر ٹیڈ کروز کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ریاست جنوبی کیرولائنا میں تارکین وطن کو داخلے کی اجازت دینے پر نکی ہیلے پر تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ ’جنوبی کیرولائنا کے لوگ نکی ہیلے کی وجہ سے شرمندہ ہیں‘۔

مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے 45 ویں صدر منتخب

ہیلے نے بھی ٹرمپ پر خوب تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ ’ٹرمپ میں وہ ساری چیزیں موجود ہیں جو ایک گورنر امریکی صدر میں نہیں دیکھنا چاہتا‘۔

تاہم اقوام متحدہ کے لیے امریکی سفیر نامزد ہونے کے بعد نکی ہیلے نے کہا کہ ’امریکا کو متعدد اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی پیشکش انہوں نے اس لیے منظور کی کیوں کہ ان میں اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے۔

ری پبلکن سینیٹر سین ڈفی نے نکی ہیلے کی نامزدگی کو ڈونلڈ ٹرمپ کی اعلیٰ ظرفی قرار دیا اور کہا کہ ’یہ بہت اچھی بات ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ صدر منتخب ہونے کے بعد مخالفین سے بدلہ لینے کے بجائے میرٹ پر فیصلے کررہے ہیں‘۔

سینیٹر سے منظوری ہونے تک نکی ہیلے گورنر کے طور پر ذمہ داریاں نبھاتی رہیں گی۔

واضح رہے کہ 8 نومبر کو ہونے والے امریکی صدارتی انتخاب میں حیران کن کامیابی حاصل کرنے والے ڈونلڈ ٹرمپ ایک ایک کرکے اپنی کابینہ کے لیے ناموں کا اعلان کررہے ہیں۔

نکی ہیلے وزیر خارجہ کے لیے بھی مضبوط امیدوار تھیں تاہم اب ان کے اقوام متحدہ کی سفیر نامزد ہونے کے بعد اس دوڑ میں میساچیوسٹس کے سابق گورنر مٹ رومنی اور نیویارک کے سابق گورنر روڈی گیولیانی سمیت دیگر اہم شخصیات باقی رہ گئے ہیں۔

اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل مائیکل فلن کو اپنا قومی سلامتی کا مشیر نامزد کیا تھا۔

مائیکل فلن اسلام اور مسلمانوں کے حوالے سے انتہائی مخالفانہ رائے رکھتے ہیں جبکہ ایک بار اپنی تقریر میں انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا تھا کہ ’کیا اوباما مسلمان ہیں‘۔


کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024