• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

سیالکوٹ: خاتون کو ریپ کے بعد قتل کرنے کی کوشش

شائع November 23, 2016

سیالکوٹ میں تھانہ کینٹ کے علاقے بھڑتھ میں ملزمان نے ایک بیوٹیشن کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور اپنا جرم چھپانے کے لیے تیز دھار آلے سے اس کا گلا کاٹ دیا، خاتون کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کی بہن کا کہنا ہے کہ 3 افراد ان کے گھر آئے تھے اور کہا کہ ان کے گھر شادی کی تین روزہ تقریبات ہیں، جہاں دولہن اور گھر کی دیگر خواتین کا میک اپ کرنا ہے۔

درخواست گزارکا کہنا تھا کہ مبینہ ملزمان نے اسکی بہن کو میک اپ کے لیے بک کیا اور وہ اپنی بہن کو خود شادی والے گھر چھوڑ کر آئی، جہاں پر مبینہ ملزمان کی دو بہنوں اور ایک بھائی کی شادی تھی۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا: 5 سالہ لڑکی کا ریپ کے بعد قتل

ان کا کہنا تھا کہ ملزم اس کی بہن کو گھر واپس چھوڑنے کے لیے آرہے تھے تاہم انھوں نے اسے اکیلا پاکر ریپ کا نشانہ بنایا اور جرم چھپانے کے لیے اس کی بہن کو قتل کرنے کی نیت سے تیز دھار آلے سے اس کا گلا کاٹ دیا۔

درخواست گزار نے پولیس کو بتایا کہ ریپ کے بعد ملزمان اس کی بہن کو مردہ سمجھ کر سنسان سڑک پر پھینک دیا، جو معجزانہ طور پر بچ گئی اور راہگیروں نے اسے تشویشناک حالت میں گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد: گینگ ریپ کے بعد لڑکی کے قتل کی کوشش

ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فیض احمد کے مطابق متاثرہ خاتون کا میڈیکل کرنے کے بعد سیمپل لاھور لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں، اور رپورٹس کا انتظار کیا جارہا ہے۔

پولیس نے متاثرہ خاتون کی بہن کی مدعیت میں 3 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے لیکن مدعیہ نے الزام لگایا کہ ملزمان با اثر ہیں جنہیں پولیس گرفتار نہیں کررہی۔

ادھر میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او ڈاکٹر عابد کو ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے احکامات جاری کردیے۔

مزید پڑھیں: میو ہسپتال کی نرس 'ریپ' کے بعد قتل

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈی پی او نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی مختلف ٹیمیں تشکیل دے دیں، جو ملزموں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہیں۔

ڈی پی او ڈاکٹر عابد کا کہنا تھا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024