• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

ٹیم کو مصباح کی کمی محسوس ہوگی:توصیف احمد

شائع November 22, 2016
مصباح کی غیرموجودگی میں اظہرعلی پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے—فوٹو: اے ایف پی
مصباح کی غیرموجودگی میں اظہرعلی پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے—فوٹو: اے ایف پی

قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن توصیف احمد کا مانناہے کہ پاکستان ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں کپتان مصباح الحق کی کمی محسوس ہوگی۔

خبررساں ادارے اے پی پی سے بات کرتے ہوئے توصیف احمد نے کہا کہ 'وہ ایک تجربہ کار بلے باز ہیں اور گزشتہ کئی سالوں سے مسلسل کارکردگی دکھارہے ہیں اس لیے ٹیم ان کی کمی کو محسوس کرے گی'۔

خیال رہے کہ پاکستان ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں سلو اوور ریٹ کی پاداش میں آئی سی سی کی جانب سے ایک میچ کی پابندی عائد کی گئی ہے جس کے بعد وہ ہملٹن میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں کھیل نہیں پائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سلو اوور ریٹ کے سبب مصباح پر ایک میچ کی پابندی

دوسری جانب مصباح الحق اپنے سسر کے انتقال کے باعث وطن واپس لوٹے تھے اورپہلے ہی واضح ہوچکا تھا کہ وہ ہملٹن ٹیسٹ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

توصیف احمد کا کہنا تھا کہ مصباح الحق مستند بلے باز ہیں جو بہادری سے ٹیم کی سربراہی کرتے ہیں جبکہ شرجیل خان کو دوسرے ٹیسٹ میں موقع مل سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'شرجیل ایک جارح مزاج اوپنر ہیں جو کسی بھی باؤلنگ کو تہس نہس کرسکتے ہیں اور میرا خیال ہے کہ وہ دوسرا ٹیسٹ کھیل رہے ہوں گے'۔

پاکستان ٹیم کو پہلے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جہاں فاسٹ باؤلرز کے سامنے پاکستانی بلے بازوں کی قلعی کھل گئی تھی۔

مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

سلیکشن کمیٹی کے رکن نے دوسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم سے اچھی کارکردگی کی امید کا اظہار کیا اور کہا کہ 'ہمارے کھلاڑی بارش کے باعث پہلے میچ سے قبل پریکٹس نہیں کرپائے تھے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کھلاڑی وہاں کی کنڈیشنز پر مکمل طور پر عادی نہیں تھے لیکن اب مجھے یقین ہے کہ وہ واقف ہوچکے ہیں اور اچھی کارکردگی دکھائیں گے'۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی اچانک وطن واپسی

مصباح الحق کی غیر موجودگی میں ایک روزہ ٹیم کے کپتان اظہر علی دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 25 نومبر کو ہملٹن میں شروع ہوگا جہاں میزبان ٹیم 0-1 کی اپنی برتری کو فتح میں تبدیل کرنے کی کوشش کرے گی جبکہ پاکستانی ٹیم جیت کی صورت میں سیریز برابر کردے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024