• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

دہشتگردی کے خلاف آپریشن نئے آرمی چیف کی اہم ذمہ داری: وزیر دفاع

شائع November 22, 2016

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ملک میں انسداد دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز کی تکمیل نئے آرمی چیف کی ذمہ داریوں میں شامل ہوگی۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ نئے آرمی چیف کو آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی کامیابیوں اور میراث کو ہی آگے لے کر جانا ہوگا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا، 'دہشت گردی کے خلاف جنگ، لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور ورکنگ باؤنڈری کی صورتحال اور افغانستان کے ذریعے پاکستان میں مبینہ بھارتی جارحیت نئے آرمی چیف کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہوں گی'۔

ان کا مزید کہنا تھا، 'پاک فوج اور اس کا نیا سربراہ جنرل راحیل شریف کے 3 سالہ دور میں حاصل کی گئی کامیابیوں کی روایت کو ہی آگے لے کر چلے گا'۔

مزید پڑھیں:نئے آرمی چیف کے تقرر کیلئے الٹی گنتی شروع

خواجہ آصف نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب جنرل راحیل شریف رواں ماہ 28 تاریخ کو ریٹائر ہونے جارہے ہیں اور نئے آرمی چیف کی تقرری کے لیے الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔

دوسری جانب آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے گذشتہ روز الوداعی ملاقاتوں اور دوروں کا سلسلہ بھی شروع کردیا، جس سے ان کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق تمام قیاس آرائیوں نے دم توڑ دیا، آرمی چیف مقررہ وقت پر اپنے عہدے سے الگ ہونے کا اپنا وعدہ پورا کرنے جا رہے ہیں، جو انہوں نے رواں برس کیا تھا۔

جنرل راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ کے بعد وزیر اعظم نواز شریف سینیئر ترین فوجی عہدیدار کو نئے آرمی چیف کے طور پر مقرر کریں گے، نواز شریف وہ پہلے پاکستانی وزیراعظم ہیں جو 4 بار آرمی چیف کی تقرری کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا اگلا آرمی چیف کون ہوگا؟

وزیراعظم نئے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی کی تقرری بھی کریں گے، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود بھی ریٹائرڈ ہو رہے ہیں۔

سیاسی حلقوں اور تجزیہ نگاروں میں بھی نئے آرمی چیف سے متعلق چہ مگوئیاں شروع ہوچکی ہیں، جن کے مطابق امکان یہی ہے کہ اگلے آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم ہوں گے، جنرل اشفاق ندیم اس وقت ملتان کے کور کمانڈر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

سیاسی حلقوں میں لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود کو نئے چیئرمین آف جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی بنانے کی پیش گوئیاں کی جارہی ہیں، جبکہ بہاولپور کے کورکمانڈر لیفٹننٹ جنرل جاوید اقبال رمدے اور انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیو ایشن لیفٹننٹ جنرل قمر باجوہ کے نام بھی لیے جا رہے ہیں۔

پاک فوج کے ان چاروں سینیئر ترین جنرلز کا تعلق پاکستان ملٹری اکیڈمی کے 62 ویں لانگ کورس سے ہے۔

جنرل راحیل شریف کی مقبولیت

جنرل راحیل شریف کو دہشت گردی اور کرپشن کے خلاف بلا تفریق کارروائی نے عوام میں مقبول بنایا۔

کراچی، بلوچستان اور پنجاب سے دہشت گردوں کی نرسریاں ختم کرنے سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے ریاست مشکلات کا شکار رہی، مگر جنرل راحیل شریف کی حکمت عملی کی وجہ سے ایسے مسائل پر قابو پانے کے حوالے سے خاطر خواہ کامیابیاں ملیں۔

یہاں پڑھیں: جنرل راحیل شریف کا مختصر تعارف

جنرل راحیل شریف کے دور کی سب سے اہم کامیابی دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن ضرب عضب اور آپریشن خیبر ون اور خیبر ٹو کا آغاز تھا، جس میں فوج کو خاطر خواہ کامیابیاں حاصل ہوئیں۔

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024