اسلحہ برائے امن: آئیڈیاز 2016 میں 418 ملکی و غیر ملکی کمپنیاں شریک
9 ویں چار روزہ بین الاقوامی دفاعی نمائش و سیمینار (آئیڈیاز) 2016 کا کراچی کے ایکسپو سینٹر میں آغاز ہوگیا۔
وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان کے ہمراہ آئیڈیاز 2016 کا باضابطہ طور پر افتتاح کیا۔
افتتاح کے بعد وزیر اعظم ، آرمی چیف اور دیگر اعلیٰ حکام نے مختلف اسٹالز کو دورہ بھی کیا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اس نمائش میں 43 ممالک کے تقریباً 90 وفود شرکت کررہے ہیں جبکہ اس نمائش کا انعقاد ڈیفنس ایکسپورٹ اینڈ پروموشن آرگنائزیشن کی جانب سے کیا گیا ہے۔
اس سال آئیڈیا نمائش ’اسلحہ برائے امن‘ کے عنوان کے تحت منعقد کی جارہی ہے۔
افتتاحی تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین، وزیر دفاع خواجہ آصف بھی شریک ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں جاری دفاعی نمائش: آئیڈیاز 2014
ایکسپو سینٹر کے اطراف کی سڑکیں بند ہونے کے باعث ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کے لیے متبادل راستوں کا ٹریفک پلان بھی جاری کیا گیا۔
پاکستان اسلحہ برائے امن کی پالیسی پر گامزن
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے شرکت کرنے والے غیر ملکی مندوبین کوخوش آمدید کہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، دفاعی نمائش کے کامیاب انعقاد پرتمام متعلقہ اداروں اور افراد کو مبارکباد دیتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ نمائش میں غیرملکی وفود کی بڑی تعداد میں شرکت حوصلہ افزا ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلحہ برائے امن کی پالیسی پر گامزن ہے، دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے، بین الاقوامی ادارے بھی پاکستان کی معاشی ترقی کا ذکر کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دفاعی صنعت کی ترقی کیلئے بھی کام کررہا ہے، ایک سال سے صنعتی شعبے میں کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی۔
معاشی ترقی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے 16سال میں پہلی مرتبہ کم شرح سود کا اعلان کیا۔
’حکومت کی جامع پالیسی کے باعث توانائی کی صورتحال کافی بہتر ہوئی ہے، ملک میں شرح سود تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی ریٹنگ بہتر کی ، ہمارا ڈی جی پی آئندہ سال 5 فیصد سے زائد رہنے کا امکان ہے، حکومت سماجی شعبے کی ترقی پرخصوصی توجہ دے رہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صنعت ترقی کےمراحل تیزی سےطےکررہی ہے، آئیڈیاز2016 دفاعی صنعت کی نمایاں کامیابیوں کا ثبوت ہے،غیر ملکی وفود کی شرکت نے ہمارا حوصلہ مزید بڑھایا۔
قبل ازیں ڈی جی ڈیفنس ایکسپو میجر جنرل آغا مسعود اکرم نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی سامان بنانے میں بتدریج بہتری لارہے ہیں۔
انہوں نے نمائش میں شرکت کرنے والے ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں، وفود اور خصوصی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستانی دفاعی آلات توجہ کا مرکز
نمائش میں 261 غیر ملکی جبکہ 157 قومی کمپنیاں اپنے دفاعی مصنوعات پیش کررہی ہیں جبکہ منتظمین کا کہنا ہے کہ جے ایف 17 تھنڈر، کے 8 ایئرکرافٹ، الخالد ٹینک، فاسٹ اٹیک کرافٹ میزائل بوٹ اور دیگر دفاعی ساز و سامان پیش کیے جارہے ہیں۔
چار روزہ نمائش کیلئے ملکی اور غیر ملکی سامان حرب و ضرب سجا دیا گیا جبکہ ترکی کے جدید طیارے اور ایئر ڈیفنس سسٹم بھی نمائش کو چار چاند لگا رہے ہیں اور روس کی تین کمپنیاں بھی جدید ترین اسلحے کے ساتھ موجود ہیں۔

نمائش میں 34 ممالک کی مجموعی طور پر 418 کمپنیاں نمائش میں حصہ لے رہی ہیں۔
نمائش میں پاکستان کے الخالد ٹینک، جے ایف 17 تھنڈر، سپر مشاق، کے 8 ائیر کرافٹ، فاسٹ اٹیک ائیر کرافٹ میزائل بوٹس، آرمرڈ پرسنل کیریئر اور ملٹری ہارڈویئرز بھی خریداروں کی توجہ کا مرکز ہیں۔
صدر مملکت ممنون حسین بھی آج شام مقامی ہوٹل میں منعقدہ عالمی دفاعی سیمینار میں شرکت کریں گے جبکہ شرکائے نمائش کے لئے سائیڈ لائن کانفرنسز ایکسپو سینٹر میں ہی منعقد کی جائیں گی۔
25 نومبر تک جاری رہنے والی دفاعی نمائش میں 9 ممالک لکسمبرگ، ڈنمارک، بیلاروس، پولینڈ، چیک ری پبلک، سوئٹزر لینڈ، بیلجئیم، نائجیریا اور رومانیہ پہلی بار شرکت کر رہے ہیں۔
غیر ملکی کمپنیوں کی بھرپور دلچسپی کے باعث ایکسپو سینٹر کے 8 ہال پہلی بار استعمال ہوں گے۔
آئیڈیاز میں مجموعی طور پر 14 مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے، جن میں پہلے دن چار، دوسرے روز تین، تیسرے روز چار جبکہ نمائش کے آخری دن تین مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط ہوں گے۔
این اے 258 کے ضمنی انتخاب ملتوی
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ڈائریکٹر جنرل رینجرز کی درخواست پر این اے 258 کے ضمنی انتخاب کو ملتوی کردیا۔
مزید پڑھیں: این اے 258 ضمنی انتخاب:ایم کیو ایم پاکستان کا بائیکاٹ کا اعلان
اطلاعات کے مطابق این اے 258 کراچی کے ضمنی انتخاب 24 نومبر کو ہونے تھے اور انتخابی عمل کے دوران سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے رینجرز کی خدمات حاصل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا۔
تاہم ڈی جی رینجرز نے درخواست کی تھی کہ ایکسپو سینٹر میں جاری آئیڈیاز نمائش کی وجہ سے رینجرز کے اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دینے میں مصروف ہیں لہٰذا انتخاب کو چند روز کے لیے موخر کیا جائے۔
اس کے بعد الیکشن کمیشن نے این اے 258 کے ضمنی انتخاب کو 29 نومبر تک ملتوی کردیا۔