• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm

راولپنڈی: پولیس کی کارروائی، داعش کا مقامی امیر فرار

شائع November 18, 2016

مری: پنجاب پولیس کے محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی کارروائی میں مبینہ طور پر داعش سے تعلق رکھنے والا ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

سی ٹی ڈی کو ملنے والی خفیہ اطلاع کے مطابق راولپنڈی کی تحصیل مری کے گاؤں سانج میں مبینہ طور پر داعش کے کچھ دہشت گرد اسلام آباد میں میڈیا اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔

سی ٹی ڈی کی جانب سے علی الصبح ان دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کیا گیا، جہاں دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی کی ٹیم پر فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں 2 افسران زخمی ہوگئے، مقابلے میں دہشت گردوں کی جانب سے 2 ہینڈ گرنیڈ بھی پھینکے گئے۔

فائرنگ کے تبادلے میں داعش کا سرغنہ احسن ستی ہلاک ہوگیا جبکہ داعش اسلام آباد کا امیر عمران ستی ایک اور دہشت گرد کے ہمراہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے پاس سے بڑی تعداد میں رائفلز، پستول، گولیاں اور آئی ای ڈیز بھی برآمد ہوئیں۔

سی ٹی ڈی کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق ملزمان تھانہ آئی 9 پولیس چیک پوسٹ پر حملے میں ملوث تھے، انھوں نے 2015 میں اے آر وائی پر ہونے والے حملے کی کارروائی کی تھی جبکہ اب مزید میڈیا ہاؤسز اور حساس اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

واقعے کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے جبکہ فرار ہونے والے داعش کے امیر کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان 2014 سے یہ کہتے آ رہے ہیں کہ پاکستان میں داعش کا وجود نہیں ہے، دیواروں پر ہونے والی چاکنگ کا مطلب یہ نہیں ہے کہ داعش پاکستان میں موجود ہے، کچھ لوگ تھوڑے فائدے کے لیے اس کا نام لے رہے ہیں، داعش عرب تنظیم ہے، پاکستان کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیئر رہنما اور گزشتہ حکومت میں 5 سال وزیر داخلہ رہنے والے رحمن ملک یہ دعویٰ کرتے آئے ہیں کہ پاکستان میں داعش موجود ہے، پاکستان میں داعش کی وال چاکنگ کے علاوہ بھی اس بات کے کافی ثبوت ملے ہیں کہ یہاں نہ صرف داعش بلکہ اس کی قیادت بھی موجود ہے۔

رواں برس کے شروع میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اعتراف کیا تھا کہ دہشت گردی اور عسکریت پسندی میں ملوث تنظیمیں داعش کا نام استعمال کر رہی ہیں اور اس شدت پسند تنظیم کے نام پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

یاد رہے داعش یا آئی ایس آئی ایس (اسلامک اسٹیٹ آف عراق اینڈ سیریا) نے شام اور عراق کے بڑے رقبے پر قبضہ کرکے جون 2014 میں خودساختہ خلافت کے قیام کا اعلان کیا تھا، داعش کو اس کی انتہا پسندی کے باعث دنیا بھر میں تنقید کا سامنا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024