• KHI: Zuhr 12:39pm Asr 5:02pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 4:32pm
  • ISB: Zuhr 12:14pm Asr 4:36pm
  • KHI: Zuhr 12:39pm Asr 5:02pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 4:32pm
  • ISB: Zuhr 12:14pm Asr 4:36pm

اے این پی رہنما حاجی عدیل انتقال کرگئے

شائع November 18, 2016

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سینئر رہنما اور سابق سینیٹر حاجی محمد عدیل 72 سال کی عمر میں پشاور میں انتقال کرگئے۔

خاندانی ذرائع نے حاجی عدیل کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سابق سینیٹر طویل عرصے سے گردے کے عارضے میں مبتلا تھے،ان کی نماز جنازہ شام 4 بجے جناح پارک پشاور میں ادا کی جائے گی۔

حاجی عدیل نے سوگواران میں 3 بیٹے اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔

25 اکتوبر 1944 کو پیدا ہونے والے حاجی عدیل کا شمار عوامی نیشنل پارٹی کے سرکردہ رہنماؤں میں ہوتا تھا، انہوں نے ہمیشہ صوبے کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی۔

وہ 1990، 1993 اور 1997 میں اے این پی کے ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔

حاجی عدیل 1993 میں خیبرپختونخوا کے وزیرخزانہ اور 1997 سے 1999 تک ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی رہے جبکہ 2009 سے 2015 تک وہ سینیٹر بھی رہے۔

حاجی عدیل نے اپنی پارٹی میں بہت سی ذمہ داریاں سنبھالیں، وہ سینیٹ میں اے این پی کے پارلیمانی لیڈر، اے این پی کے سینئر نائب صدر، اے این پی کے الیکشن کمیشن کے چیئرمین اور مرکزی و صوبائی ایگزیکٹو کمیٹیوں کے رکن بھی رہے۔

وہ فائن آرٹس میں بھی دلچسپی رکھتے تھے، حاجی عدیل پاکستان انڈیا پیپل فورم فار پیس اینڈ ڈیموکریسی کی نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور اباسین آرٹس کونسل کے نائب صدر اور ایڈورڈز کالج کی فائن آرٹس سوسائٹی کے صدر کے عہدے پر بھی فائز رہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 مارچ 2025
کارٹون : 22 مارچ 2025