ماورا اچانک باکسنگ کیوں کرنے لگ گئیں؟
پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ریلیز باکسنگ کرتی ہوئی ویڈیو نے یہ ثابت کردیا کہ وہ فٹنس میں کسی سے کم نہیں۔
اس ویڈیو میں اداکارہ جس طرح سے باکسنگ کررہی ہیں، اسے دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا ہے کہ یہ ان کا نیا مشغلہ بن چکا ہے۔
ڈان نے ماورا سے بات کرکے اس بات کا پتا لگایا کہ آخر وہ باکسنگ کر کیوں رہی ہیں؟
ڈان: آپ نے حال ہی میں باکسنگ کرنا شروع کردی، ایسا کیوں؟
ماورا حسین: اپنے ڈرامے 'سمیع' میں، میں 18 سال کی نوجوان لڑکی کا کردار ادا کررہی ہوں، اور اس عمر کا لگنے کے لیے مجھے مزید وزن کم کرنے کی ضرورت تھی، اس لیے میں نے باکسنگ کا آغاز کیا، شکر ہے میں اب تک 8 کلو وزن کم کرچکی ہوں۔
مزید پڑھیں: ماورا نے پہلی پاکستانی فلم سائن کرلی
ڈان: آپ اپنے مداحوں کو کیا مشورہ دیں گی، جو آپ کو فالو کرتے ہیں، کیا انہیں باکسنگ کرنی چاہیے؟
ماورا حسین: مجھے نہیں اپنے دل کو فالو کریں، میں طویل عرصے سے باکسنگ سیکھنا چاہتی تھی، میں اب خود کو مزید طاقتور محسوس کرتی ہوں، اس سے آپ کی زندگی میں نظم و ضبط آتا ہے، میں باکسنگ کے علاوہ دیگر ورزش اور یوگا بھی کرتی رہتی ہوں۔
واضح رہے کہ ماورا حسین کے ڈرامے 'سمیع' کی کہانی بچوں پر تشدد کے مسائل پر مبنی ہے۔
یہ ڈراما جان ہوپکنز یونیورسٹی کے اشتراک سے تیار کیا جارہا ہے۔