• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

امریکا: شیلنگ کے باوجود ٹرمپ مخالف مظاہرے

شائع November 12, 2016
پولیس کی جانب سے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی جارہی ہے — فوٹو: اے ایف پی
پولیس کی جانب سے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی جارہی ہے — فوٹو: اے ایف پی

امریکی ریاست اوریگن کے سب سے بڑے شہر پورٹ لینڈ میں نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مشتعل مظاہرین پر پولیس کی جانب سے آنسو گیس اور فلیش بینگ گرینیڈ کا استعمال کیا گیا۔

ڈونلڈ جان ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے خلاف امریکا کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے۔

امریکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق پورٹ لینڈ کی پولیس کا ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ آنسو گیس کا استعمال، مشتعل مظاہرین کی جانب سے پولیس پر ’جلتے ہوئے گولے‘ پھینکے جانے کے بعد کیا گیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی انتخاب میں فتح کے خلاف سیکڑوں افراد نے شہر کی طرف مارچ کیا، جس سے ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: ’امریکی شہریوں کا ڈونلڈ ٹرمپ کو صدر تسلیم کرنے سے انکار‘

شہری انتظامیہ کا کہنا تھا کہ احتجاجی ریلی کے دوران مظاہرین کی جانب سے توڑ پھوڑ اور حملے کیے گئے، جو منتظمین کی جانب سے پرامن ریلی کے وعدے کی خلاف ورزی ہے۔

امریکا کے دیگر شہروں میں بھی بدھ سے ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے خلاف احتجاج اور مظاہرے جاری ہیں۔

جمعہ کے روز مینہٹن کے واشنگٹن اسکوائر پارک میں منعقد کی گئی ’لو ریلی‘ میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔

میامی اور اٹلانٹا میں احتجاج نے ٹریفک کی روانی کو متاثر کیا۔

مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے 45 ویں صدر منتخب

کیلیفورنیا میں بھی ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے، جہاں گزشتہ روز 200 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کیا گیا تھا۔

کیلیفورنیا کے شہر بیکرزفیلڈ میں بھی، جہاں ڈونلڈ ٹرمپ دیگر ریاستوں کے مقابلے میں کئی زیادہ مقبول ہیں، متعدد مظاہرین نے ’ٹرمپ مخالف، امریکا کا حامی‘ کے بینرز اٹھا رکھے تھے۔

اس کے علاوہ ڈیٹروئٹ، میناپولس، کینساس سٹی، میسوری، اولیمپیا، واشنگٹن اور آئیوا سٹی میں بھی مظاہرے کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ’امریکا خودانتہاپسندی کا شکار ہوگیا‘

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران اپنے خطابات میں مسلمانوں، ہسپانیوں اور دیگر اقلیتوں کے حوالے سے متنازع بنایات دیے تھے جبکہ دیگر ممالک کے حوالے سے بھی ڈونلڈ ٹرمپ نے سخت بیانات جاری کیے تھے۔

یہی وجہ ہے کہ امریکی عوام ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنا صدر تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے جبکہ امریکا کے کئی قریبی اتحادی ممالک نے بھی ٹرمپ کی فتح پر خدشات کا اظہار کیا ہے۔

مزید جانیں: ٹرمپ پاکستان کیلئے اچھے ثابت ہوں گے یا برے؟

8 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ہیلری کلنٹن کو اپ سیٹ شکست دی اور امریکا کے 45ویں صدر منتخب ہوئے۔

وہ جنوری کے مہینے میں اوباما کی جگہ عہدہ صدارت سنبھال لیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024