سوات: آرمی چیف نے فوجی چھاؤنی کا سنگ بنیاد رکھ دیا
سوات: چیف آف آرمی اسٹاف راحیل شریف نے سوات میں فوجی چھاؤنی کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل راحیل شریف نے خیبر پختونخوا کے گورنر ظفر اقبال جھگڑا و وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے ہمراہ سوات میں مینگورہ، کانجو اور خوازاکھیلا کا دورہ کیا۔
فوجی چھاؤنی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا کہ سوات کے عوام نے دہشت گردوں کو نکال باہر کرنے کے لیے فورسز کا بھرپور ساتھ دیا، جبکہ شہر میں لوگوں اور جوانوں کی قربانی سے امن قائم ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چھاؤنی کے قیام سے عوام کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے اور ترقی کا نیا دور شروع ہوگا، جبکہ چھاؤنی سوات میں دیرپا امن اور استحکام میں معاون ثابت ہوگی۔
آرمی چیف نے کہا کہ فاٹا اور مالاکنڈ میں ترقیاتی کام فوج کی ترجیح ہے، فوجی چھاؤنی سے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کا اعتماد بڑھے گا اور علاقے میں سماجی اور اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شیخ خلیفہ بن زید ماڈل اسپتال کا بھی دورہ کیا، جہاں متحدہ عرب امارات کے سفیر عیسیٰ عبداللہ، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمٰن اور جی او سی سوات میجر جنرل آصف غفور بھی ان کے ہمراہ تھے۔
بعد ازاں آرمی چیف نے زیر تعمیر آرمی پبلک سکول کا بھی دورہ کیا۔