• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پاناما تحقیقات میں تاخیر کا الزام، اپوزیشن کا احتجاج

شائع November 8, 2016

اسلام آباد: پاناما پیپرز کی تحقیقات کیلئے پیش کیے گئے بل میں ترمیم کا مطالبہ منظور نہ ہونے پر اپویشن نے اجلاس کے بعد احتجاجی دھرنا دے دیا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا اور اپوزیشن کی جانب سے پیش کیا گیا پاناما لیکس کی تحقیقات کا بل منظور نہ ہوسکا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون کے اجلاس میں پاناما پیپرز کی تحقیقات کیلئے اپوزیشن کی جانب سے پیش کئے گئے بل کا شق وار جائزہ لیا گیا۔

اس دوران پیپلز پارٹی کے سینیٹر اعتزاز احسن نے ایک شق میں ترمیم کرانا چاہی تو وزیر قانون زاہد حامد نے مخالفت کردی۔

زاہد حامد نے کہا کہ ترمیم پہلے ہمیں دی جائے پھر اس کا جائزہ لیا جائے گا، جس پر اعتزاز احسن نے کہا کہ ہم صرف ایک ترمیم کیلئے تجویز پیش کررہے ہیں کہ 'پاناما کی بجائے تمام آف شور کمپنیوں کو شامل کیا جائے'۔

یہ بھی پڑھیں: پاناما لیکس تحقیقات، اپوزیشن نے سینیٹ میں بل جمع کرادیا

دونوں جانب سے گرما گرم بحث کے بعد کمیٹی کے حکومتی اراکین نے اپوزیشن کے بل میں ترمیم کے معاملے پر چیئرمین سینیٹ سے رائے لینے کا فیصلہ کرلیا۔

اس موقع پر اعتزاز احسن نے کہا کہ حکومت احتساب سے بھاگ رہی ہے، جس پر زاہد حامد نے انھیں مخاطب کیا اور بھاگنے کا لفظ استعمال کرنے سے منع کیا۔

بل منظور نہ ہونے پر اپوزیشن ارکان نے پارلیمنٹ کے باہر احتجاجی دھرنا دیا اور اس دوران حکومت مخالف نعرے بازی کی۔

اپوزیشن اراکین کا کہنا تھا کہ حکومت بل کے حوالے سے تاخیری حربے استعمال کررہی ہے، جس کا مقصد احتساب سے بھاگنا ہے۔

احتجاجی دھرنے میں پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن، تاج حیدر، فرحت اللہ خان بابر، شیریں رحمٰن، رحمٰن ملک، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بیرسٹر فروغ نسیم اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے شاہی سید سمیت دیگر شامل تھے۔

یکم ستمبر 2016 کو پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے اپوزیشن نے 'پاناما پیپرز انکوائریز ایکٹ 2016' کے نام سے بل سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاناما اسکینڈل: پیپلز پارٹی کمیشن کے قیام کی مخالف

پیپلز پارٹی کے سینیٹر اعتزاز احسن نے حکومتی انکوائری کمیشن 2016 کے قانون کو یکسر مسترد کردیا۔

اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائے گئے بل کے مطابق پاناما لیکس کی تحقیقات سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن سے کرانے کی تجویز دی گئی۔

مجوزہ بل کے تحت انکوائری کمیشن کو مکمل فوجداری اور دیوانی اختیارات دیے جائیں گے۔

بل کے مسودے میں کہا گیا ہے کہ تمام حکومتی ادارے اور ایجسنیاں مذکورہ کمیشن کی معاونت کے پابند ہوں گے، اس کے علاوہ وزیراعظم سمیت پاناما لیکس میں شامل تمام شخصیات سے کمیشن تحقیقات کر سکے گا۔

اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائے گئے بل کے مطابق پاناما لیکس میں شامل تمام شخصیات اور ان کے اہل خانہ کمیشن میں پیش ہونے کے پابند ہوں گے اور تمام افراد پر کمیشن میں جرح ہوگی۔

بل میں کہا گیا ہے کہ جن افراد کے نام پاناما لیکس میں آئے ہیں وہ اپنے اکاونٹس تک رسائی دینے کا مختارنامہ دینے کے پابند ہوں گے جبکہ ملک سے باہر بھیجے گئے سرمائے کی کھوج کے لیے فورنزک آڈٹ کی تجویز بھی پیش کی گئی۔

مزید پڑھیں: شریف خاندان کی 'آف شور' کمپنیوں کا انکشاف

اس موقع پر اعتزاز احسن نے حکومت کی جانب سے انکوائری کمیشن 1956 کے ایکٹ کو سرے سے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ احتساب سے فرار کی کوشش ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز میں آف شور ٹیکس کے حوالے سے کام کرنے والی پاناما کی مشہور لا فرم موزیک فانسیکا کی افشا ہونے والی انتہائی خفیہ دستاویزات سے پاکستان سمیت دنیا کی کئی طاقت ور اور سیاسی شخصیات کے مالی معاملات عیاں ہو گئے۔

پاناما پیپرز کی جانب سے International Consortium of Investigative Journalists کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے اس ڈیٹا میں وزیراعظم نواز شریف کے اہل خانہ کی آف شور ہولڈنگز کا ذکر بھی موجود ہے۔

ویب سائٹ پر موجود ڈیٹا کے مطابق، وزیراعظم کے بچوں مریم، حسن اور حسین ’کئی کمپنیوں کے مالکان یا پھر ان کی رقوم کی منتقلی کے مجاز تھے‘۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024