’شادی کی بہت ساری آفرز موجود ہیں‘
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کو شادی کی بہت ساری پیشکشیں موجود ہیں، تاہم ان سے رشتہ اسی کا ہو سکے گا، جو ان کی بہنوں کو راضی کر لے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی کی جانب سے شادی سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو نے نہایت پرجوش انداز میں جواب دیا کہ مجھے بہت ساری پیشکشیں موجود ہیں۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو بھی لڑکی مجھ سے شادی کرنا چاہتی ہے، اسے پہلے دونوں بہنوں کو سمجھانا ہوگا۔
بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کو راضی کرنے کے سوال پر بلاول کا کہنا تھا کہ یہ بہت بہت مشکل کام ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میری بہنیں بہت پیاری اور خوبصورت لڑکیاں ہیں، میں ان سے بہت محبت کرتا ہوں، لیکن کسی عورت کا انھیں منانا مشکل ہوگا۔
ساتھ ہی بلاول نے کہا کہ جو عورت اس ٹاسک میں کامیاب ہو گئی تو پھر اس کا مطلب ہے کہ اس کی قسمت اور میری قسمت ایک ہو گی۔
اس کے ساتھ ہی صحافیوں نے یہ سوال بھی پوچھا کہ بیرون ملک بھی آپ کے دوست آپ کو میڈیا کے ذریعے دیکھ رہے ہوتے ہیں، ان کو کیا کہیں گے۔
بلاول نے اس سوال پر کہا کہ بیرون ملک دوستوں کو چھوڑیں، آپ نے بہت سوال کر لیے کسی اور کو موقع دیں۔
واضح رہے کہ 28 سالہ بلاول بھٹو زرداری 2007 میں اپنی والدہ بینظیر بھٹو کی راولپنڈی میں بم دھماکے میں ہلاکت کے بعد پیپلز پارٹی کے چیئرمین بنائے گئے تھے، ان کی 2 چھوٹی بہنیں 25 سالہ بختاور اور 23 سالہ آصفہ ہیں۔
علاوہ ازیں میڈیا کے نمائندوں نے ان سے کہا کہ آپ اردو میں تو بہت اچھی تقریر کرتے ہیں لیکن کیا سندھی بھی سیکھ رہے ہیں۔
تو بلاول بھٹو زرداری نے چاروں طرف دیکھتے ہوئے کہا، 'جی میں سندھی بھی سیکھ رہا ہوں، مجھ سے سندھی میں بات کریں، تو میں سندھی میں ہی جواب دوں گا۔'
اسی دوران صحافی نے سندھی میں بھی سوال کیا تاہم بلاول نے اردو میں ہی گفتگو جاری رکھی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ 'میری اردو اتنی بہتر ہو گئی ہے، میرے لوگوں اور کارکنان نے جیسے مجھے اردو سکھائی اسی طرح وہ مجھے سندھی بھی سکھا دیں گے جبکہ سرائیکی بھی سکھائیں گے، میں چاہتا ہوں کہ تمام زبانوں پر عبور حاصل کروں۔'