آرمی چیف سے پٹرول مشقوں میں میڈل جیتنے والی ٹیم کی ملاقات
آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے برطانیہ میں کیمبرین پٹرول مشقوں میں سونے کا تمغہ جیتنے والی پاک فوج کی ٹیم نے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے شاندار کارکردگی دکھانے اور قومی پرچم سربلند کرنے پر ٹیم کو مبارکباد دی۔
کیمبرین پٹرول مشقیں 14 سے 23 اکتوبر تک برطانیہ میں منعقد ہوئیں، جن میں دنیا کے 122 ملکوں کی افواج نے حصہ لیا۔
رواں سال پاک فوج کے کور اول، 37 ویں ڈویژن پنجاب 59 کے جوانوں نے برطانیہ میں ہونے والی کیمبرین پٹرول ایکسرسائز میں پاک فوج کی نمائندگی کی اور گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
پاک فوج کی ٹیم نے کیمبرین پٹرول مشقوں میں تیسری مرتبہ سونے کا تمغہ جیتا۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی پٹرولنگ مشقوں میں پاک فوج کا گولڈ میڈل
برطانوی فوج کی 160 ویں انفینٹری بریگیڈ اور ویلز ہیڈ کوارٹرز کے زیر اہتمام ہر سال ہونے والی سالانہ انٹرنیشنل پٹرولنگ مشقیں ذہنی و جسمانی مضبوطی کا تقاضہ کرتی ہے اور اسے برطانوی فوج کے ٹریننگ کیلنڈر میں اہم مقام حاصل ہے۔
بین الاقوامی سطح پر ان مشقوں کو فوجی جوانوں کے لیے انتہائی سخت تصور کیا جاتا ہے اور اس میں حصہ لینے والے یونٹس کو ویلز میں کیمبرین کی پہاڑیوں اور دیگر دشوار گزار علاقوں میں 48 گھنٹوں سے کم وقت میں 50 میل کے علاقے میں مختلف اقسام کی فوجی مشقیں کرنی ہوتی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی اسی ایونٹ میں پاک فوج کے جوانوں نے گولڈ میڈل جیتا تھا، جبکہ اس میں دنیا بھر کی 140 مسلح افواج کی ٹیموں نے شرکت کی تھی۔