مختاراں مائی کو فیشن ویک کے تیسرے روز خراج تحسین
فیشن پاکستان ویک کے تیسرے روز بلکہ مکمل ایونٹ کا سب سے خاص لمحہ وہ تھا جب مختاراں مائی نے ریمپ پر واک کی۔
اس دوران مختاراں مائی ریمپ پر ڈیزائنر روزینہ منیب کا ڈیزائن کردہ خوبصورت شلوار قمیض اور سر پر دوپٹہ رکھے جلوہ گر ہوئیں۔
مختاراں مائی کے ریمپ پر آتے ہی، شو میں موجود تمام شائقین ان کو خراج تحسین دینے کے لیے کھڑے ہوگئے، مختاراں مائی کی ریمپ پر یہ واک شاید فیشن کی دنیا میں اب تک کے تمام فیشن شوز میں سب سے خاص ہوگی۔
واضح رہے کہ گینگ ریپ کی متاثرہ مختاراں مائی خواتین کے حقوق کی ترجمان بھی ہیں۔
فیشن پاکستان ویک کے تیسرے روز ڈیزائنر ندا ازور، سائرہ رضوان، دیپک اور فہد، ریپبلک، روزینہ منیب اور نعمان عارفین شامل ہیں۔
ندا ازور
ڈیزائنر ندا ازور کی کلیکشن میں خوبصورت دھاگوں اور نگوں کے کام کے ساتھ بنائے گئے عروسی جوڑے شامل کیے گئے، تاہم جو بات سب سے زیادہ توجہ کا مرکزی بنی وہ تھا اس دوران گلوکار علی سیٹھی کا ریمپ پر شامل ہونا۔
علی سیٹھی اس دوران سرخ رنگ کے لباس میں موجود تھے، تاہم ان کی شال کو بے حد پسند کیا گیا، جس پر نہایت خوبصورت انداز میں کڑھائی کی گئی تھی۔
شائقین نے ڈیزائنر ندا ازور کی کلیکشن کو بے حد پسند کیا۔
سائرہ رضوان
فیشن ویک کے تیسرے روز ڈیزائنر سائرہ رضوان کے ملبوسات شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
اس ملبوسات میں شامل کیے گئے رنگ اور بھاری کام آج کے موسم کے حساب سے بالکل مناسب نہیں لگا، سائرہ رضوان کی کلیکشن میں کچھ نیا دیکھنے کو نہیں ملا اور یہی وجہ ہے کہ شائقین نے ان سے اگلی بار بہتر کلیکشن کی امید رکھی ہے۔
دیپک اور فہد
اداکار محسن عباس حیدر ڈیزائنر دیپک اور فہد کے شو اسٹاپر کے طور پر سامنے آئے، جو اس دوران سیفد رنگ کے کرتا پاجامے میں موجود تھے، جنہیں شائقین نے بے حد پسند کیا۔
دیپک اور فہد کی کلیکشن میں مردوں کی شیروانی، کوٹس، پینٹس اور شلوار قمیضیں پیش کی گئیں، اور شائقین کے مطابق ان کی یہ کلیکشن گزشتہ پیش کی گئیں کلیکشنز سے کافی بہتر ہیں۔
ریپبلک
ڈیزائن عمر فاروق نے اپنے برینڈ ریپبلک میں خواتین کے لیے عروسی ملبوسات پیش کیے جن میں زیادہ تر ایسے جوڑے تھے جو باآسانی کوئی بھی دلہن اپنے ولیمے میں پہن سکتی ہے۔
اس کلیکشن میں زیادہ تر گرے رنگ کا انتخاب کیا گیا جس پر نگوں اور دھاگوں کا کافی بھاری کام تھا۔
عمر فاروق کی کلیکشن کو شائقین نے بے حد پسند کیا تاہم کچھ کا ایسا بھی ماننا ہے کہ انہیں اب اپنے ڈیزائنز میں کچھ نیا لانا چاہیے۔
روزینہ منیب
ڈیزائنر روزینہ منیب کی کلیکشن کی سب سے خاص بات مختاراں مائی کی ان کے لباس میں ریمپ پر واک تھی، تاہم اس کے علاوہ ان کے ملبوسات نے لوگوں کو بہت زیادہ متاثر نہیں کیا۔
اس دوران ماڈلز ٹیولپ شلوار، لہنگے اور ساڑھیاں پہنے نظر آئیں، ان ملبوسات ہر دھاگوں کا بھاری کام کیا گیا تھا جبکہ رنگوں میں ہلکے رنگوں کا انتخاب کیا گیا۔
نعمان عارفین
ڈیزائنر نعمان عارفین نے اپنی کلیکشن کو پیش کرنے کے لیے ماڈلز سے قبل بچوں کا انتخاب کیا، جن میں چھوٹے بچے شیروانی پہنے ہوئے، جبکہ بچیاں ماتھا پٹیاں اور شراروں میں نہایت دلکش نظر آئیں۔
اس کلیکشن میں پیش کیے گئے مردوں کے ملبوسات شائقین کی توجہ کا مرکز بنے، گہرے رنگوں کی شیروانی اور ویلوٹ کے ملبوسات سردی کے موسم کے لیے کسی بھی دلہا کا پہلا انتخاب ہوسکتا ہے، اور یہی اس کلیکشن میں پیش کیا گیا۔