• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

ایل اوسی پر فائرنگ سے دو ہندوستانی فوجی ہلاک

شائع October 29, 2016

ہندوستانی فوج نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر مشتبہ جنگجووں نے دواہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔

خبررساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق ایک فوجی آفیسر نے کہا کہ ماچل سیکٹر کے قریب ایل اوسی کے ساتھ ہی رات کے وقت گھات لگائے دہشت گروں نے ایک فوجی کو ہلاک کردیا۔

فوجی افسر نے نام خفیہ رکھنے کی شرط پر کہا کہ دہشت گرد آزاد کشمیرسے آئے تھے اورہندوستانی فوج سے دوبدو مقابلے میں ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے پاکستان کی جانب فرار ہونے سے قبل ہندوستانی فوجی کی لاش کو مسخ کردیا۔

تاہم اس دعویٰ کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔

ہندوستانی فوج کی جانب سے سخت الفاظ پر مشتمل بیان جاری کیا گیا جس میں فوجیوں کی لاشوں کو مسخ کرنے کو توہین آمیز عمل قرار دیا گیا ہے۔

جس کے فوری بعد ماچل سیکٹر کے کئی مورچوں پر جھڑپیں شروع ہوئیں جس سے ایک اور ہندوستانی فوجی ہلاک ہوگیا۔

پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان نے ہفتے کے روز ایل اوسی پر ایک مرتبہ پھربلا اشتعال فائرنگ کی اور دونوں ممالک کی فوجوں کی درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

پاک فوج کی جانب سے کسی جانی نقصان کا ذکر نہیں کیا گیا۔

واضح رہے ہندوستان اور پاکستان کے فوجوں کے درمیان بارڈر پر حالیہ ہفتوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہورہا ہے جس کے باعث دونوں جانب جانی نقصان اٹھانا پڑا جبکہ دونوں جانب سے فائرنگ شروع کرنا کا الزام ایک دوسرے پر دیا جاتا رہا ہے۔

ہندوستان کی جانب سے گزشتہ ماہ آزاد کشمیر میں موجود دہشت گردوں کے خلاف 'سرجیکل اسٹرائیک' کے متنازعہ بیان کے بعد دونوں ممالک فوجوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ مسلسل جاری رہا تھا۔

پاکستان نے اس دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے ہندوستان سے اس کے ثبوت پیش کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

دوسری جانب گزشتہ دنوں میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے سفارتی اہلکاروں کو ناپسندیدہ قرار دے کر ملک بدر کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024