• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ڈان کی خبر کی تحقیقات:وزیر اطلاعات سے استعفیٰ لے لیا گیا

شائع October 29, 2016

کراچی: وزیراعظم نوازشریف نے اہم خبر کے حوالے سے کوتاہی برتنے پر پرویز رشید سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا قلم دان واپس لے لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق رواں ماہ کے اوائل میں ڈان اخبار میں شائع ہونے والی خبر کی ابتدائی تحقیقات کے بعد وزیر اعظم نواز شریف نے پرویز رشید کو مستعفی ہونے کی ہدایت کی۔

ذرائع سے سامنے آنے والی معلومات کے مطابق پرویزرشید سے دو روز قبل وزارت اطلاعات واپس لی جاچکی تھی جس کے بعد وہ اپنے دفتر نہیں جارہے تھے جبکہ سرکاری امور بھی انجام نہیں دے رہے تھے۔

وزیر اعظم کے ترجمان مصدق ملک نے کہا کہ سیرل المیڈا کی خبر کی تحقیقات آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہے اور بہت جلد اس کو قوم کے سامنے لایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار کی سربراہی میں قائم تحقیقاتی کمیٹی تفتیش کررہی ہے، تاہم تمام ذمہ داریاں پرویز رشید پر نہیں ڈالی گئی لیکن غلط خبر کی وجہ سے ان سے استعفیٰ لیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا چوہدری نثار خبر کے حوالے سے میڈیا کو باقاعدہ آگاہ کریں گے۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے اعلامیہ جاری کردیا گیا
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے اعلامیہ جاری کردیا گیا

وفاقی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈان میں چھپنے والی خبر کی آزادانہ تحقیقات کے لیے پرویز رشید سے وزارت کا قلم دان واپس لیا گیا ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق حکومت کی جانب سے آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کے سینیئر افسران پر مشتمل انکوائری کمیٹی قائم کی جارہی ہے جو الزامات اور اس کی وجوہات جبکہ اس کے ذمہ داروں کا تعین کرے گی۔

سرکاری اعلامیہ کے مطابق اخبار میں چھپنے والی خبر قومی سلامتی کے منافی تھی، تحقیقات کے مطابق پرویز رشید نے کوتاہی برتی اور انہیں آزادانہ تحقیقات کے لیے وزارت چھوڑنے کی ہدایت کی گئی۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں ایک اعلیٰ سطح کی سرکاری میٹنگ کے حوالے سے ڈان اخبار کے صحافی سیرل المیڈا کی خبر شائع ہوئی تھی۔

واضح رہے خبر میں کہا گیا تھا کہ اہم اجلاس میں حکومت نے انتہائی محتاط اور غیر معمولی طور پر واضح طریقے سے عسکری قیادت کو یہ پیغام پہنچادیا کہ عالمی سطح پر تیزی سے پاکستان تنہا ہورہا ہے جبکہ ریاستوں کی جانب سے کئی اہم معاملات پر کارروائیوں کے لیے اتفاق رائے کا بھی تقاضہ کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’شدت پسندوں کے خلاف کارروائی یا بین الاقوامی تنہائی‘

تاہم وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے تین دفعہ اس خبر کی تردید جاری کی گئی۔

دوسری جانب پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس سے متعلق جھوٹی اور من گھڑت خبر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کو قومی سلامتی کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔

مزید پڑھیں: ’اہم سیکیورٹی اجلاس کی خبر لیک ہونا قومی سلامتی کی خلاف ورزی‘

گزشتہ روز جب ملک میں سیاسی درجہ حرارت بلند ہورہا تھا تو ایسے میں وفاقی حکومت کی ایک بااختیار اور طاقتور ٹیم نے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی، جس میں مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

وفاقی حکومت کی ٹیم میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار شامل تھے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں قوم کو مبارک باد دی ہے۔

واضح رہے پی ٹی آئی نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے 2 نومبر کو اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ گزشتہ روز راولپنڈی میں عوامی مسلم لیگ کی جانب سے ہونے والے احتجاج جلسے کو حکومت نے ناکام بنایا تھا جس میں عمران خان کی شرکت بھی طے تھی۔

وزیر دفاع خواجہ آصف دبئی روانہ

میڈیا ذرائع کے مطابق خواجہ آصف اپنے اہل خانہ کے ساتھ نجی مصروفیات کے باعث دبئی گئے ہیں جہاں وہ تقریب میں شریک ہوں گے۔

سینیئر صحافی مظہرعباس کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کے بیرون ملک جانے سے سوالات اٹھیں گے جس کی سرکاری طور پر وضاحت ضروری ہے۔

ذرائع کے مطابق خواجہ آصف کی ملاقاتیں آج طے تھیں۔

خواجہ آصف نے میڈیا میں گردش کرنے والی خبروں پر ٹویٹر میں اپنے پیغام میں کہا کہ وہ دبئی میں ایک شادی میں شرکت کے لیے آئے ہیں اور کل واپس آئیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024