محرم کے جلوس میں خودکش حملہ: 2 ’دہشتگرد‘ گرفتار
کراچی: رینجرز نے گزشتہ سال جیکب آباد میں ماتمی جلوس کے دوران خودکش حملے میں ملوث 2 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
رینجرز ترجمان کے مطابق مصدقہ اطلاعات پر پیراملٹری فورس نے مشتبہ دہشت گردوں کو سکھر اور حب سے گرفتار کیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ گرفتار مشتبہ دہشت گردوں کامران خازانی اور عطااللہ کالعدم دہشت گرد تنظیم سے منسلک تھے۔
یہ بھی پڑھیں: جیکب آباد: ماتمی جلوس میں دھماکا، 24 ہلاک
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ کامران نے، گزشتہ سال 23 اکتوبر کو جیکب آباد کے لاشاری محلہ میں 9 محرم الحرام کے ماتمی جلوس میں خودکش حملے کی منصوبہ بندی جبکہ عطا اللہ نے اس میں معاونت کی۔
دونوں مشتبہ دہشت گردوں کو مزید تحقیقات اور قانون کے مطابق کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
واضح رہے کہ 9 محرم کو جیکب آباد میں شیرشاہ حویلی کے قریب لاشاری محلہ میں ہونے والے خودکش حملے میں 20 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔