کراچی: 3 مزدورں کی ہلاکت پر فیکٹری مالک مقدمے میں نامزد
کراچی: پولیس نے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کی ایک فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے 3 مزدورں کی ہلاکت پر متعلقہ فیکٹری کے مالک کو مقدمے میں نامزد کرلیا۔
گبلول ٹاؤن تھانے کے ایس ایچ او وسیم احمد نے ڈان کو بتایا کہ گذشتہ رات نیوکراچی کے صنعتی علاقے میں قائم ایک فیکٹری کا بوائلر پھٹ گیا تھا، جس میں 4 مزدور بری طرح جھلس گئے تھے۔
پولیس عہدیدار نے بتایا کہ زخمی مزدوروں کو علاج کیلئے عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو مزدور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے، جن کی شناخت رفیق اور سلمان کے ناموں سے ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ منصور نامی زخمی مزدور کو طبی امداد دی جارہی تھی کہ وہ بھی دوران علاج ہلاک ہوگیا جبکہ رشید نامی زخمی مزدور کا علاج جاری ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی: فیکٹری کے کیمیکل ٹینک کی صفائی کے دوران 3 مزدور ہلاک
ایس ایچ او وسیم احمد کا کہنا تھا کہ فیکٹری کے مالک غلام محی الدین کے خلاف ریاست کی مدعیت میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 322 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
خیال رہے کہ کراچی کے علاقے نیوکراچی صنعتی ایریا میں فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے 3 مزدور جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا تھا، واقعے میں فیکٹری کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا۔
پاکستان میں گذشتہ کچھ سالوں میں آتش زدگی اور دیگر واقعات میں مزدروں کی ہلاکت میں غیر معمعولی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ یہاں فیکڑیوں اور دیگر تجارتی مراکز میں کام کرنے والے مزدوروں کی حفاظت کے انتظامات ناکافی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق نہیں ہیں۔
4 اکتوبر 2016 کو کراچی میں بن قاسم کے صنعتی علاقے میں قائم ٹیکسٹائل مل میں آئل ٹینک کی صفائی کے دوران 3 مزدور ہلاک ہوگئے تھے۔
15 مئی 2016 کو کراچی میں کورنگی کے انڈسٹریل ایریا میں قائم ایک فیکٹری کے کیمیکل ٹینک میں گرنے سے 5 مزدور ہلاک جبکہ متعدد شدید زخمی ہوگئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: فیکٹری کے کیمیکل ٹینک میں گرکر 5 مزدور ہلاک
8 نومبر 2015 کو خیبرپختونخوا کے ضلع لوئردیر میں قائم ایک بیکری کے گودام میں آتش زدگی کے نتیجے میں جھلس کر 5 مزدور ہلاک ہوگئے تھے۔
اسی سال لاہور کے سندر انڈسٹریل سٹیٹ میں پولی تھین بیگ بنانے والی فیکٹری کے زمین بوس ہونے کے نتیجے میں 150 سے زائد افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔
3 جنوری 2015 کو مہمند ایجنسی میں ماربل کی کان منہدم ہونے سے 12 مزدور ہلاک ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ اس حوالے سے سال 2012 میں ملک کی تاریخ کا سب سے المناک سانحہ رونما ہوا تھا جس میں کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کی ایک گارمنٹس فیکڑی میں آتش زدگی کے نیتجے میں 250 سے زائد مزدور ہلاک اور سیکٹروں زخمی ہوگئے تھے۔