• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

پی ٹی آئی پر اسلحہ بردار تنظیموں سے مدد مانگنے کا الزام

شائع October 20, 2016
مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز اور طارق فضل چوہدری پریس کانفرنس کر رہے ہیں — فوٹو: بشکریہ پی آئی ڈی
مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز اور طارق فضل چوہدری پریس کانفرنس کر رہے ہیں — فوٹو: بشکریہ پی آئی ڈی

اسلام آباد: حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے 2 نومبر کے لیے اسلحہ بردار تنظیموں کی مدد مانگنا شروع کردی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ عمران خان احتساب کے لیے سنجیدہ نہیں، انہوں نے 2 نومبر کے لیے اسلحہ بردار تنظیموں سے مدد مانگنا شروع کردی ہے، جبکہ خاص ایجنڈے کے تحت اسلام آباد میں طالبان خان کے نام پر ایک نئی مہم شروع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کو بیوقوف بنانا بند کریں، اسلام آباد کے رہائشیوں کے بھی کچھ حقوق ہیں لیکن عمران خان آئینی حدیں توڑ کر اپنا خاص مقصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'جن مدارس کو فنڈز دیے گئے وہ اب عمران خان کے ساتھ ہیں'

اس موقع پر لیگی رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد بند ہوا تو سپریم کورٹ کیسے کام کرے گی، پاناما لیکس معاملہ سپریم کورٹ میں ہے تو اسلام آباد بند کرنے کا کیا جواز ہے؟ جبکہ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد پی ٹی آئی کی اسلام آباد بند کرنے کی کال بے معنی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے 2 نومبر کے جلسے کے لیے خیبر پختونخوا کی جانب سے نوازے گئے مدارس افرادی قوت فراہم کریں گے۔

تاہم انہوں نے ان مدارس کے ناموں کی وضاحت نہیں کی۔

گذشتہ چند دنوں سے میڈیا میں یہ خبریں آرہی تھی کہ متعدد مذہبی تنظیمیں عمران خان کے 2 نومبر کے جلسے میں شرکت کریں گی، جس کی نشاندہی خواجہ آصف نے کی تھی۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کو پاناما لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے ماہ محرم میں عاشورہ تک کا وقت دیا تھا جس کے بعد انھوں نے 2 نومبر کو اسلام آباد بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024