• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

شراب خانوں کے غیرقانونی لائسنس منسوخ کرنے کا حکم

شائع October 19, 2016

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو حدود آرڈیننس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جاری کیے گئے شراب کی فروخت کے تمام غیرقانونی لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

چیف جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے محکمہ ایکسائز کے ڈائریکٹر جنرل کو حکم دیا کہ وہ دو دن میں شراب فروخت کرنے والے افراد کو نوٹس جاری کرنے کی یقین دہانی کرائیں اور لائسنس کی تنسیخ کو عمل میں لایا جائے۔

بینچ نے یہ ہدایات مسلمان رہائشی علاقوں میں شراب فروخت کرنے والی دکانوں کو بند کرانے اور ان کے لائسنس معطل کرنے کے لیے جمع کردہ پٹیشن کی سماعت کرتے ہوئے دیں۔

اس موقع پر چیف جسٹس نے صوبائی حکومت کے نمائندوں سے استفسار کیا کہ شراب خانوں کو کس قانون کے تحت یہ لائسنس جاری کیے گئے؟

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں شراب خانوں کی تعداد کتنی؟

چیف جسٹس نے بتایا کہ یہ لائسنس غیرمسلم پاکستانیوں کو ان کے مذہبی تہواروں پر استعمال کے لیے شراب بنانے، برآمد کرنے یا فروخت کرنے کے لیے حدود آرڈیننس 1979 کے تحت جاری کیے جاتے ہیں۔

محکمہ ایکسائز کے ڈائریکٹر جنرل نے اپنے جمع کرائے گئےرپورٹ میں بتایا کہ قانونی طور پر کوئی بھی غیر مسلم ایک ماہ کے دوران بیئر کی 16 بوتلیں جبکہ وائن کی 8 بوتلیں خرید سکتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ اپنے معاشی حالات کی وجہ سے کوئی غیر مسلم اس مقرر کردہ حد کا 10 فیصد بھی استعمال نہیں کرپاتا۔

عدالت کے سوال پر ڈائریکٹر جنرل کا مزید کہنا تھا کہ طویل عرصے سے یہ شراب خانے چلائے جارہے ہیں،اور اس کاروبار کو روکنے کے لیے کورٹ کے سابقہ احکامات پر لائسنس فیس میں اضافہ کرتے ہوئے لائسنس فیس کو 7 لاکھ تک کیا جاچکا ہے ۔

دوسری جانب، نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہر میں مسلمان اور غیر مسلم افراد کی آبادی کی تفصیلات کی رپورٹ جمع کروائی ۔

اس رپورٹ کے مطابق، ضلع وسطی میں 2809 عیسائی اور 2575 ہندو رہائش پذیر ہیں، کراچی شرقی میں رہنے والی عیسائی برادری کی تعداد 69ہزار 820 ہے اور اس ضلعے میں 13ہزار 356 ہندو آباد ہیں، ملیر میں 16 ہزار 392 عیسائی اور 8 ہزار 877 ہندو آباد ہیں، کراچی غربی میں 24ہزار 406 عیسائی اور 4ہزار 422 ہندو رہائش پذیر ہیں، جبکہ کراچی جنوبی میں 57 ہزار 568 عیسائی اور 43ہزار 143 ہندو رہتےہیں۔

کچھ عرصہ قبل، محکمہ ایکسائز اور ٹیکسیشن کی جانب سے ججز کو آگاہ کیا گیا تھا کہ صوبے بھرمیں 120 شراب خانے موجود ہیں، جن میں سے 59 کراچی میں ہیں اور 11 شراب خانے ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقوں میں قائم ہیں۔

یہ خبر 19 اکتوبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024