سعودی شہزادے نے 452 ملین پاؤنڈز کی کشتی خریدلی
سعودی نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے ملک میں بچت کے انتہائی سخت اقدامات سے قبل 452 ملین پاﺅنڈز لاگت کی پرتعیش کشتی خریدی تھی۔
یہ دعویٰ امریکی روزنامے نیویارک ٹائمز نے کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی نائب ولی عہد نے ایک روسی ارب پتی شخص کی 440 فٹ لمبی کشتی کو جنوبی فرانس میں تعطیلات کے دوران پسند کیا۔
تاہم رواں ماہ سعودی عرب میں اخراجات بچانے کی پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے شہزادہ محمد نے حکومتی معاہدوں کو منجمند کرتے ہوئے ملکی اخراجات میں 71 فیصد تک کمی کی۔
رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ سعودی شہزادے نے اس کشتی کو ساحل پر تیرتے دیکھ کر روسی شخص سے رابطہ کیا۔
دونوں کے درمیان 452 ملین پاﺅنڈز (58 ارب پاکستانی روپوں سے زائد) پر معاہدہ چند گھنٹوں میں طے پا گیا اور روسی شخص نے اسی دن کشتی کو فرانس سے ہٹا دیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 31 سالہ شہزادے کو خام تیل کی قیمتوں سے متاثر ہونے والی سعودی معیشت میں بہتری لانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
اس وقت انہیں سعودی عرب کا طاقتور ترین فرد سمجھا جاتا ہے جو یمن کی خانہ جنگی سے لے کر ہر معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں مالیاتی اصلاحات کے لیے وزراءکی تنخواہوں میں 20 فیصد کٹوتی کی گئی جبکہ دوسری بار حج و عمرے کے لیے ویزہ فیسوں میں دوگنا اضافہ کردیا گیا۔
تبصرے (1) بند ہیں