• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

افغان حکومت اورطالبان میں ’خفیہ مذاکرات‘

شائع October 18, 2016

لندن : افغانستان میں قیام امن کے لیے افغان حکومت اور طالبان میں خفیہ مذاکرات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

برطانوی اخبار گارجین کی رپورٹ کے مطابق طالبان اور افغان حکومت کے درمیان خفیہ مذاکرات کا سلسلہ ستمبر سے دوبارہ شروع ہوچکا ہے جبکہ بیشتر ذرائع سے پتہ چلتا ہے کہ اب تک مذاکرات کے دو دور قطر میں مکمل ہوچکے ہیں۔

برطانوی اخبار نے طالبان رہنما کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ قطر میں ہونے والی ملاقاتوں میں ایک اعلیٰ امریکی سفارتی اہلکار بھی شامل تھے۔

اخبار مزید لکھتا ہے کہ ان ملاقاتوں میں افغان طالبان کے ہلاک بانی ملامحمد عمر کے بھائی ملا عبدالمنان بھی موجود تھے۔

تاہم اس معاملے پر ردعمل لینے کے لیے کابل میں افغان افسران سے رابطہ نہیں ہوسکا۔

اس سے قبل پاکستان کی مدد سے ہونے والے طالبان اور افغان حکومت کے درمیان ہونےوالے مذاکرات کے نتیجے میں کچھ پیشرفت دیکھی گئی تھی لیکن پھر امریکا کی جانب سے مئی میں کیے جانے والے ڈرون حملے میں طالبان رہنما ملا اختر منصور کی ہلاکت کے بعد مذاکرات کا عمل مکمل طور پر رک گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ملاعمر افغان حکومت اور طالبان مذاکرات کے حامی

نئے طالبان رہنما ہیبت اللہ اخونزادہ کے معاملات سنبھالنے کے بعد گذشتہ چند ماہ کے دوران افغانستان میں ہونے والی طالبان کارروائیوں میں تیزی دیکھی گئی اور قندوز سمیت لشکر گاہ میں بھی طالبان نے حملے اور کارروائیاں کیں۔

برطانوی اخبار کے مطابق،مذاکرات کے نئے سلسلے میں پاکستانی حکام حصہ نہیں ہیں۔

امریکا اور افغانستان کی جانب سے پاکستان پر طالبان کو پناہ دینے کے الزامات کے بعد سے گذشتہ ایک سال سے پاکستانی اور افغان حکومت کے درمیان تعلقات متاثر ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان طالبان کو پناہ فراہم کرنے کے تمام الزامات کو یکسر مسترد کرتا رہا ہے ۔

گذشتہ دو سال کے دوران طالبان افغانستان میں کافی مضبوط ہوچکے ہیں اور کابل میں ہونے والے حملے اس کی تازہ مثال ہیں، کیونکہ 2001 میں امریکا کے افغانستان پر حملے کے بعد قندوز کا کنٹرول سنبھالنا طالبان کی جانب سے علاقے پر قابض ہونے کا یہ پہلا واقعہ تھا۔

دوسری جانب امریکا کی طرف سے کابل کو مسلسل فضائی اور فوجی مدد فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے تاکہ طالبان افغانستان میں اپنے قدم مضبوط نہ کرسکیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024