• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

ٹرپل سنچری کے موقع پر یونس خان کو بہت یاد کیا، اظہر علی

شائع October 15, 2016
اظہرعلی اپنے ابتدائی 50 میچوں میں 11 سنچریاں بنانے والے پاکستان کے چوتھے بلے باز ہیں—فوٹو/ اے ایف پی
اظہرعلی اپنے ابتدائی 50 میچوں میں 11 سنچریاں بنانے والے پاکستان کے چوتھے بلے باز ہیں—فوٹو/ اے ایف پی

دبئی: ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں تاریخی ٹرپل سنچری بنانے والے پاکستانی کھلاڑی اظہر علی کا کہنا ہے کہ اس موقع پر انھوں نے یونس خان کو بہت یاد کیا اور ان کی خواہش ہے کہ وہ بھی یہاں ہوتے۔

اپنی شاندار کارکردگی کے بعد دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اظہر علی کا کہنا تھا کہ یونس خان نے ان کے کیریئر میں کلیدی کردار ادا کیا اور انھوں نے لیجنڈ کرکٹر سے بہت کچھ سیکھا۔

اظہر علی نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز کے دوران وہ ڈریسنگ روم میں اُسی سیٹ پر بیٹھتے ہیں جہاں یونس خان ماضی میں دبئی میں سیریز کے دوران بیٹھا کرتے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ وہ یونس خان کی غیر موجودگی میں ان کا اسٹائل کاپی کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ کس طرح وہ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں بیٹھا کرتے تھے اور کس طرح اپنا کٹ بیگ کھولا کرتے تھے۔

اظہر علی نے یونس خان کی بہتر صحت کے لیے دعا کرتے ہوئے امید کی کہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم کا حصہ ہوں۔

پریس کانفرنس کے بعد ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو میں اظہر علی نے کہا کہ انھوں نے اپنے سینیئرز سے یہ بات سیکھی ہے کہ مشکل وقت میں کس طرح اپنی پرفارمنس پر توجہ مرکوز کرنی ہے اور وہ اپنی حالیہ پرفارمنس پر خوش ہیں۔

مزید پڑھیں:اظہر علی کی ٹرپل سنچری،پاکستان کا پلڑا بھاری

اظہر علی کا مزید کہنا تھا کہ ان کی ٹرپل سنچری کے بعد اننگز ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ ٹیم پلان تھا، کیوں کہ ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے اننگز ڈکلیئر کرنا ضروری تھا۔

انھوں نے اپنی ٹرپل سنچری کو اپنے والدین کے نام کرتے ہوئے بتایا کہ کرکٹ کے اولین دنوں میں جب وہ ایک لیگ اسپنر تھے، تو انھوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ ایک دن ٹیسٹ کرکٹ میں ٹرپل سنچری بنا پائیں گے۔

گذشتہ روز پاکستان نے اظہرعلی کی شاندار ٹرپل سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز 3 وکٹوں پر579 رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ڈیکلیئر کی تھی جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے دن کے اختتام پر ایک وکٹ کھو کر 69 رنز بنائے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پہلا دن پاکستان کے نام، اظہر علی 146 پر ناٹ آؤٹ

ویسٹ انڈیز کو پاکستان کی پہلی اننگز کے اسکور کو برابر کرنے کے لیے مزید 510 رنز درکار ہیں اور اس کی 9 وکٹیں باقی ہیں۔

اظہرعلی ٹیسٹ کرکٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والے پاکستان کے چوتھے بلے باز ہیں، اُن سے قبل حنیف محمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 337 رنز بنائے تھے جبکہ سابق کپتان انضمام الحق نے نیوزی لینڈ کے خلاف 329 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی جانب سے تیسری ٹرپل سنچری بنانے والے بلے باز یونس خان ہیں جنھوں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف 313 رنز بنائے تھے۔

اظہرعلی نے دبئی اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوکے کے ساتھ اپنی ٹرپل سنچری مکمل کی، ان کی ناقابل شکست 302 رنز کی اننگز میں 23 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024