• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اظہر علی کی ٹرپل سنچری،پاکستان کا پلڑا بھاری

شائع October 14, 2016 اپ ڈیٹ October 15, 2016
اظہرعلی اپنے ابتدائی 50 میچوں میں 11 سنچریاں بنانے والے پاکستان کے چوتھے بلے باز ہیں—فوٹو: اے ایف پی
اظہرعلی اپنے ابتدائی 50 میچوں میں 11 سنچریاں بنانے والے پاکستان کے چوتھے بلے باز ہیں—فوٹو: اے ایف پی
اظہرعلی پاکستان کی جانب سے ٹرپل سنچری بنانے والے چوتھے بلے باز ہیں—فوٹو: اے ایف پی
اظہرعلی پاکستان کی جانب سے ٹرپل سنچری بنانے والے چوتھے بلے باز ہیں—فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے اظہرعلی کی شاندار ٹرپل سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز 3 وکٹوں پر579 رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ڈیکلیئر کردی جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے دن کے اختتام پر ایک وکٹ کھو کر 69 رنز بنا لیے۔

دبئی میں جاری تاریخی میچ کے دوسرے روز کے کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان کااسکور ایک وکٹ پر 279 رنز تھا، اظہرعلی 146 اور اسد شفیق 33 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔

اظہرعلی اور اسد شفیق نے بہترین بلےبازی کا سلسلہ جاری رکھا اور اس دوران اظہرعلی نے اپنے 150 رنز اور اسد شفیق نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

اظہرعلی اپنے ابتدائی 50 میچوں میں 11 سنچریاں بنانے والے چوتھے پاکستانی ہیں، اس سے قبل عظیم بلےباز حنیف محمد اور یونس خان نے پہلے 50 میچوں میں 12 سنچریاں بنائی تھیں جبکہ محمد یوسف نے 11 سنچریاں بنائی تھیں۔

اسد شفیق اور اظہر علی کے درمیان 137 رنز کی اچھی شراکت قائم ہوئی تاہم 352 کے مجموعے پر اسد شفیق 67 رنز بنانے کے بعد بشو کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونے والے نوجوان بلے باز بابراعظم نے ڈیبو کیا اور اسد شفیق کی جگہ بیٹنگ کے لیے آئے۔

یہ بھی پڑھیں: پہلا دن پاکستان کے نام، اظہر علی 146 پر ناٹ آؤٹ

دبئی ٹیسٹ کے دوسرے روز چائےکے وقفے تک پاکستان نےدو وکٹوں پر 391 رنز بنائے تھے۔

اظہرعلی نے اپنے کیریئر کی دوسری ڈبل سنچری بنائی—فوٹو: اے ایف پی
اظہرعلی نے اپنے کیریئر کی دوسری ڈبل سنچری بنائی—فوٹو: اے ایف پی

وقفے کے بعد اظہرعلی نے اپنے کیریئر کی دوسری ڈبل سنچری مکمل کی جبکہ بابراعظم نے اپنے پہلے ہی میچ میں نصف سنچری بنائی۔

بابراعظم نے اظہرعلی کے ساتھ شراکت میں 165 رنز کا اضافہ کیا اور 69 رنز بنا کر 517 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان نے کھانے کے وقفے پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 530 رنز بنائے تھے۔

اظہرعلی کی ٹرپل سنچری

اظہرعلی نے کھانے کے وقفے کے بعد اپنی شاندار بلے باز کو جاری رکھا اور اپنے کیریئر کی یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی ٹرپل سنچری مکمل کی۔

اظہرعلی ٹیسٹ کرکٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والے پاکستان کے چوتھے بلے باز ہیں، ان سے قبل حنیف محمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 337 رنز بنائے تھے جو ویسٹ انڈیز کے ہی میدان پر اس دور کی خطرناک ٹیم کے خلاف بنائے تھے، سابق کپتان انضمام الحق نے نیوزی لینڈ کے خلاف 329 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی جانب سے تیسری ٹرپل سنچری بنانے والے بلے باز یونس خان ہیں جنھوں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف 313 رنز بنائے تھے۔

اظہرعلی نے دبئی اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوکے کے ساتھ اپنی ٹرپل سنچری مکمل کی، ان کی ناقابل شکست 302 رنز کی اننگز میں 23 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

پاکستان ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے اظہرعلی کی ٹرپل سنچری مکمل ہوتے ہی اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کیا اس وقت پاکستان کا اسکور 3 وکٹوں پر 579 رنز تھا۔

کپتان مصباح الحق نے آؤٹ ہوئے بغیر 29 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے بشو نے 2 اور چیز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے ترتیب دیے گئے 579 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ 42 کے اسکور پر گری جب لیون جانسن 15 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

ڈیرن براوو اور کریگ بریتھویٹ نے دوسری وکٹ میں 27 رنز کا اضافہ کیا اور دوسرے روز کھیل کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دی۔

دبئی ٹیسٹ کے دوسرے روز کے اختتام پر ویسٹ انڈیر نے ایک وکٹ کے نقصان پر 69 رنز بنالیے تھے، بریتھویٹ 32 اور براوو 14 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔

ویسٹ انڈیز کو پاکستان کی پہلی اننگز کے اسکور کو برابر کرنے کے لیے مزید 510 رنز درکار ہیں اور نو وکٹیں باقی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024