افغانستان میں مزار پر حملہ، 14 افراد ہلاک
کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک مزار میں عاشور کے حوالے سے جاری مجلس میں فائرنگ کرکے 14 افراد کو ہلاک اور 36 کو زخمی کردیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی ایک رپورٹ کے مطابق افغان وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی کے مطابق 'تین حملہ آوروں نے حملہ کیا تھا جن کو مقابلے کے دوران ہلاک کردیا گیا'۔
واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تفصیلات بتاتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ حملے میں 13 شہری اور 1 پولیس اہلکار ہلاک جبکہ 36 افراد زخمی ہوئے۔
دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ حملہ آور تاحال مزار میں موجود ہیں اور انھوں نے متعدد افراد کو یرغمال بھی بنا رکھا ہے۔
مزید پڑھیں: افغان صوبے ہلمند میں خود کش دھماکا، 14 ہلاک
افغان خبر رساں ادارے 'طلوع نیوز' کے مطابق پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی مذکورہ مزار کو گھیرے میں لے لیا، یہ مزار کابل یونیورسٹی کے قریب قائم ہے۔
اس سے قبل افغان خبر رساں ادارے 'خاما' کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسلح حملہ آورں نے یوم عاشور کے حوالے سے جاری ایک مجلس میں حملہ کیا جس میں کم سے کم درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ متعدد افراد کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
دسمبر 2014 میں امریکا کی اتحادی نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد سے افغانستان میں طالبان کی جانب سے سیکیورٹی فورسز اور دیگر اہم مقامات پر حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان میں 1996 سے 2001 کے دوران افغان طالبان نے افغانستان میں اپنی حکومت امارت اسلامیہ قائم کی تھی اور وہ ایک مرتبہ پھر ملک کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے جنگ میں مصروف ہیں۔
رواں سال 23 جولائی کو کابل میں ہونے والے ایک حملے میں 84 افراد ہلاک اور 130 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔
30 جون کابل میں افغان پولیس کے قافلے پر خودکش حملے کے نتیجے میں 27 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔
20 جون کو دارالحکومت کابل میں ایک منی بس میں ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
20 اپریل کو افغانستان کے خفیہ ادارے نیشنل سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ (این ڈی ایس) پر ہونے والے حملے میں 64 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
2 فروری کو کابل کے وسط میں واقع ایک پولیس بیس پر طالبان کے خود کش حملے میں کم ازکم 20 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
یکم جنوری کو سال کے پہلے ہی روز افغان دارالحکومت کابل میں طالبان کے ایک خودکش حملے میں فرانسیسی ریسٹورنٹ کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 2 افراد ہلاک ہوئے۔