'کسی کیلئے الوداعی میچ کاانتظام کرنامیراکام نہیں'
کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کا کہنا ہے کہ میراکام کھلاڑیوں کو منتخب کرنا ہے اور کسی کے لیے الوداعی میچ کا انتظام کرنا میرا کام نہیں ہے۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کے دوران کہا کہ شاہد آفریدی نے پاکستان کے لیے 18 یا 20 سال کرکٹ کھیلی ہے اس لیے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ انھیں خود کرنا ہے۔
شاہد آفریدی کے الوداعی میچ کا معاملہ کچھ دن قبل میڈیا میں آیا تھا جب آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے بہتر انداز میں بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی کے لیے انتظام کرے کیونکہ وہ اسکے مستحق ہیں جبکہ ان کا کہنا تھا کہ ان کی انضمام الحق سے اپنی الوداعی میچ کے حوالے سے بات ہوئی ہے۔
انضمام الحق نے آفریدی کے الوداعی میچ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ'جس نے 18 سے 20 سال پاکستان کے لیے کھیلا ہواس کو میں یا کوئی اور کیا مشورہ دے بلکہ میرے خیال میں وہ خود اس فیصلے لیے سمجھ دار ہوتا ہے'۔
یہ بھی پڑھیں: بابراعظم ٹیسٹ ٹیم میں شامل،حفیظ باہر
ان کا کہنا تھا کہ '18 سے 20 سال کرکٹ کھیلنے کے بعد ان کو خود فیصلہ کرناچاہیے کہ اس کو کب جانا اور کب کھیلنا چاہیے'۔
انضمام الحق نے شاہد آفریدی کے الوداعی میچ کو بورڈ کا معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'جہاں تک الوداعی میچ کی بات ہے تو میں کسی کو ٹیم میں منتخب کرسکتا ہوں الوداعی میچ نہیں دے سکتا یہ بورڈ کا معاملہ ہے اورآفریدی کی بات بورڈ سے ہوئی ہے'۔
مزید پڑھیں: 'انوراگ ٹھاکر کے بیان کا تگڑا جواب دیں گے'
انھوں نے مزید کہا کہ 'میری اور بورڈ کی خواہش ہے کہ جس کسی نے بھی 18 سے 20 سال پاکستان کی خدمت کی ہو اس کے جانے کا کوئی بہتر راستہ ہونا چاہیے'۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے لاہور میں گزشتہ دنوں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ آفریدی کے الوادعی میچ کے لیے کچھ خاص کررہے ہیں جس کے لیے تیاریاں کی جارہی ہیں۔