• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

پاکستان کو 'دہشتگردوں کا کفیل' ملک قرار دینے کی کوشش ناکام

شائع October 5, 2016

واشنگٹن: وائٹ ہائوس نے پاکستان کو دہشت گردوں کا کفیل ملک قرار دینے کے حوالے سے امریکا میں مقیم بھارتی شہریوں کی جانب سے شروع کی گئی آن لائن مہم ناکام بنادی۔

وائٹ ہائوس کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ اس نے اپنی ویب سائٹ پر پاکستان کے خلاف شروع کی جانے والی پٹیشن جعل سازی کے شبہے میں خارج کردی۔

وائٹ ہائوس کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ 'پٹیشن کو اس لیے خارج کیا گیا کیوں کہ وہ دستخط کی شرائط پر پوری نہیں اتر رہی تھی اور اب سے پر مزید دستخط نہیں کیے جاسکیں گے'۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو 'دہشت گردی کی کفیل ریاست' قرار دینے کا بل پیش

واضح رہے کہ قوانین کے تحت اس پٹیشن پر وائٹ ہائوس کو غور کرنے پر مجبور کرنے کے لیے ضروری تھا کہ 21 اکتوبر تک اس پر کم سے کم ایک لاکھ لوگوں کے دستخط موجود ہوں۔

جب پٹیشن کو خارج کیا گیا تو اس پر 6 لاکھ 25 ہزار 723 دستخط موجود تھے تاہم وائٹ ہائوس کا کہنا ہے کہ ممکن ہے ان میں جعلی دستخط بھی موجود ہوں۔

یہ پٹیشن وائٹ ہائوس کے ویب پیج 'We The People' پر ڈالی گئی تھی جو ہر طرح کے صارف کے لیے کھلی رہتی ہے لہٰذا اس ویب سائٹ پر ویسی سیکیورٹی نہیں ہوتی جیسی دیگر حکومتی ویب سائٹس پر ہوتی ہے۔

اس آن لائن درخواست کو شروع کرنے والے زیادہ تر افراد بھارتی نژاد امریکی شہری تھے جنہوں نے یہ موقف اپنایا تھا کہ 'پاکستان کو دہشت گردوں کا کفیل ملک قرار دینا امریکا، بھارت اور دیگر کئی ملکوں کے لوگوں کے لیے انتہائی اہم ہے جو پاکستان کے تعاون سے ہونے والی دہشت گردی سے مسلسل متاثر ہورہے ہیں'۔

مزید پڑھیں: پاکستان پر پابندیوں کا فیصلہ نقصان دہ: امریکی ماہرین

وائٹ ہائوس کی جانب سے پٹیشن کو خارج کرنے پر امریکا میں موجود بھارتی کمیونٹی کو شدید مایوسی ہوئی جو اس بات کی امید لگائے بیٹھے تھے کہ امریکا کو پاکستان کے خلاف اس معاملے میں واضح موقف اپنانے پر مجبور کیا جاسکے گا۔

امریکی حکام اس پٹیشن کے حوالے سے انتہائی محتاط تھے کیوں کہ انہیں خدشہ تھا کہ اس سے بھارتی نژاد امریکیوں اور پاکستان سے آنے والے لوگوں کے درمیان کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔

گزشتہ ہفتے پاکستانی نژاد امریکیوں نے بھی وائٹ ہائوس کی ویب سائٹ پر پٹیشن دائر کی تھی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ کراچی، بلوچستان اور فاٹا میں دہشت گردوں کی معاونت کرنے پر بھارت کو دہشت گرد ریاست قرار دیا جائے، یہ درخواست ایک لاکھ دستخط کی حد عبور کرنے والی ہے۔

پاکستان مخالف پٹیشن کو خارج کرنے کے حوالے سے وائٹ ہائوس کے حکام نے بتایا کہ بعض دستخطوں میں سامنے آنے والے تکنیکی مسائل کی وجہ سے پٹیشن خارج کی گئی۔

واضح رہے کہ 20 ستمبر کو امریکی ایوان نمائندگان میں بھی بل پیش کیا گیا تھا جس میں پاکستان کو دہشتگردوں کا کفیل ملک قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اس بل کو پیش کرنے والے ٹیڈ پوئے اور ڈانا روہرابیچر ماضی میں بھی کئی بار پاکستان مخالف بل ایوان میں پیش کرتے رہے ہیں اور ان کے زیادہ تر بلوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

یہ خبر 5 اکتوبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024