• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

پاکستانی سینما میں بولی وڈ فلموں پر پابندی

شائع September 30, 2016

لاہور: صوبہ پنجاب کے داراحکومت لاہور میں واقع سپر سینما کی انتظامیہ نے تمام بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کردیا۔

سپر سینما کا فیس بک پر اپنی ایک پوسٹ میں کہنا تھا کہ ’سپر سینما کی انتظامیہ اعلان کرتی ہے کہ وہ تمام بھارتی فلموں کی نمائش پر غیر معینہ مدت کے لیے پابندی عائد کررہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ باقی تمام سینما گھر بھی اسے فالو کرتے ہوئے فلموں پر پابندی لگائیں گے، ہم ٹی وی چینلز اور کیبل نیٹ ورکس سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ تمام بھارتی مواد کی نمائش پر پابندی لگائی جائے‘۔

دوسری جانب کراچی کے نیوپلیکس سینما نے بھی پاکستان اور ہندوستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے گاہکوں کو اپنے ایک پیغام میں بتایا کہ انتظامیہ نے اپنے سینما میں بولی وڈ فلموں پر پابندی لگادی ہے۔

سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں سینما انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی افواج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نیوپلیکس کی انتظامیہ نے فوری طور پر تمام بھارتی فلموں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے، ہم اپنے گاہکوں کو صورتحال سے آگاہ کرتے رہیں گے‘۔

مزید پڑھیں: بھارتی پروڈیوسرز نے پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کردی

اس سینما میں اس وقت پاکستانی فلموں ’جانان‘، ’ایکٹر ان لا‘، ’مالک‘ اور ’زندگی کتنی حسین ہے‘ کی نمائش جاری ہے، ساتھ ہی یہاں ہولی وڈ فلمیں ’سلی‘، ’سٹارکس‘ اور ’دی میگنیفیسنٹ سیون‘ بھی پیش کی جارہی ہیں۔

بولی وڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’پنک‘ کی نمائش بھی روک دی گئی ہے۔

کراچے کے ایٹریم سینما نے اب تک بھارتی فلموں پر پابندی کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا تاہم اس کی ویب سائٹ پر بتایا گیا کہ انتظامیہ نے بولی وڈ فلموں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی سے ایک بھارتی فوجی گرفتار، متعدد ہلاک

واضح رہے کہ انڈین موشن پکچرز پروڈیوسرز ایسوسی ایشن (آئی ایم پی پی اے) نے پاک۔ بھارت کشیدگی کے پیش نظر پاکستانی فنکاروں اور ٹیکنیشنز پر بولی وڈ میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی ہے جس کے بعد پاکستانی سینما گھروں نے بھی بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی لگادی ہے۔

اس سے قبل ہندوستان کی قوم پرست جماعتوں نے پاکستانی فنکاروں کو بھارت چھوڑنے کے لیے 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیا تھا جبکہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم اور شفقت امانت علی کے کنسرٹ بھی منسوخ کردیئے گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024