میانوالی: فضائیہ کا بغیر پائلٹ طیارہ گر کر تباہ
میانوالی: صوبہ پنجاب کے ضلع میانوالی میں پاک فضائیہ کا بغیر پائلٹ تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں تصدیق کی گئی کہ فضائیہ کا بغیر پائلٹ طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ میانوالی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
فضائیہ ترجمان کے بیان میں مزید کہا گیا کہ حادثے کی تحقیقات کے لیے ایئر ہیڈکوارٹرز میں تحقیقاتی بورڈ قائم کردیا گیا۔
ابتدائی طور پر ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ طیارے کو حادثہ فنی خرابی کی وجہ سے پیش آیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع کی جانب روانہ ہوگئیں۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق طیارے کے بلیک باکس کے ذریعے حادثے کے محرکات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں:خیبر ایجنسی: فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک
یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے 24 ستمبر کو بھی وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے خیبرایجنسی میں پاک فضائیہ کے اسکواڈرن 17 کا PG F-7 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں پائلٹ فلائٹ لیفٹیننٹ عمر شہزاد ہلاک ہوگئے تھے۔
اس سے قبل نومبر 2015 میں بھی پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ ایف ٹی- 7 میانوالی کے قریب کندیاں میں معمول کی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہونے سے خاتون فلائنگ آفیسر مریم مختیار ہلاک ہوگئی تھیں۔
مئی 2015 میں بھی خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ کے-8 معمول کی پرواز کے دوران تکنیکی خرابی کی وجہ سے گرکر تباہ ہوگیا تھا۔
اس سے قبل جون 2014 میں کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں بس ٹرمینل کے قریب پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تربیتی پائلٹ اور نگران پائلٹ ہلاک ہوگئے تھے۔
جبکہ جولائی 2013 میں بھی پاک فضائیہ کا ایک لڑاکا طیارہ ایف 7 صوبہ پنجاب کے شہر میانوالی میں گر کر تباہ ہوا تھا، تاہم حادثے میں طیارے کا پائلٹ بحفاظت نکلنے میں کامیاب رہا تھا۔