• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

وطن عزیز کے ہر انچ کا دفاع کریں گے، آرمی چیف

شائع September 23, 2016
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم سینٹر (این سی ٹی سی) کے دورے کے موقع پر جوانوں سے مصافحہ کرتے ہوئے—۔فوٹو/ بشکریہ آئی ایس پی آر
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم سینٹر (این سی ٹی سی) کے دورے کے موقع پر جوانوں سے مصافحہ کرتے ہوئے—۔فوٹو/ بشکریہ آئی ایس پی آر

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے واضح کیا ہے کہ پاک فوج ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور چاہے جو بھی قیمت چکانی پڑے، وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کیا جائے گا۔

پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق آرمی چیف نے کھاریاں کے قریب پبی میں نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم سینٹر (این سی ٹی سی) کا دورہ کیا۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ٹریننگ سینٹر میں دی جانے والی تربیت کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا—۔فوٹو/ بشکریہ آئی ایس پی آر
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ٹریننگ سینٹر میں دی جانے والی تربیت کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا—۔فوٹو/ بشکریہ آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک دہائی تک دہشت گردی کا شکار رہ چکا ہے، تاہم قوم کی بھرپور حمایت کی بدولت پاک فوج ملک میں دہشت گردوں کی کمر توڑنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ہماری بہادر افواج ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، تاہم پوری قوم کی حمایت کے ساتھ ہم ہر قیمت پر وطن عزیز کے ہر انچ کا دفاع کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی قیمت پر ملکی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اس موقع پر آرمی چیف کو لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی نے ٹریننگ سینٹر کے مختلف پہلوؤں کے حوالے سے بریفنگ دی اور انھیں بتایا کہ اب تک مسلح افواج کے 2 لاکھ 31 ہزار دستے اور 3 ہزار 483 افسران اور پولیس و سول آرمڈ فورس کے اہلکار یہاں تربیت حاصل کرچکے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ اس ٹریننگ سینٹر میں چین، سعودی عرب، بحرین، سری لنکا، مالدیپ اور ترکی کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں بھی ہوچکی ہیں۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ٹریننگ سینٹر میں تربیت فراہم کرنے والے افسران کو سراہا، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافے کے لیے کام میں مصروف ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل شریف نے ٹریننگ سینٹر میں جدید سہولیات کا بھی افتتاح کیا، تاکہ غیر ملکی افواج اور ملک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پاک فوج کے ساتھ تربیت دی جاسکے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Armaan Sep 23, 2016 05:48pm
salutes

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024