شرجیل پاکستان کی قسمت بدل دے گا:ڈین جونز
راولپنڈی:پاکستان سپر لیگ کے پہلے سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوچنگ کرنے والے سابق آسٹریلین بلے باز ڈین جونز نے کامیاب ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کی بدولت ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کے بہتر مستقبل کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان بلے باز شرجیل خان ملک کی قسمت بدل سکتے ہیں۔
ڈین جونز راولپنڈی میں ایک نمائشی میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے، نمائشی میچ میں ان کے ساتھ سابق عظیم باؤلر وسیم اکرم اور چارخاتون کھلاڑی بھی شامل تھیں۔
جونز کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں پی ایس ایل کے انعقاد سے دنیا کے بہترین کھلاڑی اس جانب متوجہ ہوئے اور کم توقعات کے باوجود 2.6 لاکھ ڈالر منافع حاصل ہوا جو مستقبل میں پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے اپنی صلاحیتیں نکھارنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ 'یہ مت بھولیے کہ ہندوستان ٹی ٹوئنٹی میں کیوں ایک اچھی ٹیم ہے، انھوں نے 8 یا 9 آئی پی ایل کے ٹورنامنٹ کرائے جو دو مہینے تک چلتے ہیں جبکہ ان کے کھلاڑیوں نے اس دوران کوچز اور دیگر کھلاڑیوں سے بہت سیکھا ہے'۔
یہ بھی پڑھیں: 'کارکردگی میں عدم تسلسل کاتاثرختم کرنا ہوگا'
ڈین جونز نے کہا کہ 'ہم نے صرف ایک کامیاب پی ایس ایل منعقد کیا ہے اور اب اندازہ ہورہا ہے کہ اس سطح پر کیا نتائج حاصل ہوں'۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 'یہ پاور، فٹنس کا کھیل ہے اور یہ ایسے باؤلرز کا کھیل ہے جو نپی تلی اور باقاعدہ دفاعی لائن و لینتھ پر باؤلنگ کرسکے اسی لیے بعض لڑکوں کو یہاں بہت زیادہ سیکھنا ہوتی ہے لیکن تین یا چارسالوں میں بہتری لاتے ہوئے دنیا کی دوسری بہترین ٹیم بن جائیں گے'۔
مزید پڑھیں:چیمپیئن میس نمبر ون ٹیسٹ ٹیم پاکستان کے حوالے
پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج اوپنر شرجیل خان پر بات کرتے ہوئے جونز نے کہا کہ 'شرجیل آپ کے پاس اگلے دس سالوں کے لیے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا بہترین کھلاڑی ہے اور وہ دنیا کے اکثر باؤلرز کو تنگ کرے گا'۔
ڈین جونز نے پاکستان کو ٹیسٹ کی نمبر ایک ٹیم بننے پر مبارک باد دی اور ملک سے باہر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کپتان مصباح الحق اور یونس خان کی تعریف کی۔