• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

فرانسیسی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت

شائع September 17, 2016
فائل فوٹو /اے پی پی—۔
فائل فوٹو /اے پی پی—۔

پیرس: وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے فرانس سے درخواست کی ہے کہ وہ پاکستان کے حوالے سے سفری ہدایات کو ختم کرے تاکہ ان فرانسیسی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوسکے جو پاکستان میں کاروبار کے موقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

فرانس کے سرکاری دورے پر موجود وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قریبی معاشی تعلقات دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم نے فرانس سے درخواست کی ہے کہ وہ ٹریول ایڈوائزری کو ختم کریں اور فرانسیسی وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کرلی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی آٹو موبل پالیسی بھی فرانسیسی وزیر کے ساتھ شیئر کی اور پاکستان میں بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتحال فرانس میں موجود سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھارہی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سنہری موقع ہے کہ وہ اپنے وطن میں سرمایہ کاری کریں اور اس سلسلے میں رہنمائی کے لیے بورڈ آف انوسیٹمنٹ (بی او آئی) سے رابطہ کریں۔

اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ متعدد فرانسیسی کمپنیوں نے پاکستان کے ساتھ نئی شراکت داریاں قائم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان موجود تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

پاک فرانس بزنس کونسل کے صدر تھیری فلملن نے اجلاس اسحٰق ڈار کو بتایا کہ فرانس سے تاجروں کا ایک وفد آئندہ سال پاکستان کا دورہ بھی کرے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ انفرااسٹرکچر کی تعمیر، تیل و گیس، فوڈ پروسیسنگ، مائننگ اور ریلوے وہ شعبے ہیں جن میں مستقبل میں فرانسیسی سرمایہ کار تعاون پر غور کررہے ہیں۔

وزیر خزانہ نے فرانسیسی کمپنیوں کے لیے پاکستان میں سوشل اکنامک زون کے قیام کی بھی پیشکش کی تاکہ وہ مقامی مارکیٹ تک بہتر طریقے سے رسائی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ خطے کے دیگر ملکوں میں بھی اپنی مصنوعات برآمد کرسکیں۔

بعد ازاں اسحٰق ڈار نے سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اور ماحولیاتی خدمات میں مہارت رکھنے والی کمپنی ویولیا کے سینئر عہدے داروں سے بھی ملاقات کی۔

قبل ازیں اسحٰق ڈار نے فرنچ فیڈریشن آف انرجی پروڈیوسرز کے پیرس میں قائم ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا جہاں ان کا استقبال فیڈریشن کے صدر اور دیگر اعلیٰ عہدے داروں نے کیا۔

وزیر خزانہ نے اس موقع پر پاکستان میں جاری توانائی کے منصوبوں اور اس شعبے میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں حکام کو آگاہ کیا۔

وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے بتایا کہ فرانسیسی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات انتہائی جامع اور مفید رہی۔

یہ خبر 17 ستمبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024