• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ذہنی معذور شخص کی پھانسی کے خلاف احتجاج

شائع September 17, 2016

اسلام آباد: انسانی حقوق کے حوالے سے سرگرم ایک تنظیم کا کہنا ہے کہ پاکستان کو شیزوفرینیا کے شکار ایک ذہنی معذور شخص کو سزائے موت نہیں دینی چاہیے، جس کی پھانسی کے لیے عدالت نے اگلے ہفتے کے وارنٹ جاری کر رکھے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 50 سال امداد علی کو 2002 میں ایک مذہبی رہنما کے قتل کے الزام میں پھانسی کی سزا سنائی گئی، جس کی سزا روکنے کے لیے جسٹس پروجیکٹ پاکستان (جے پی پی) سرگرم عمل ہے۔

جے پی پی کا کہنا ہے کہ 'امداد علی ذہنی طور پر معذور اور 'پیرانائیڈ شیزوفرینیا' کا شکار ہے اور کئی سالوں سے اس کا مناسب علاج نہیں کروایا گیا'۔

تنظیم کے مطابق انھوں نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف ایک اپیل دائر کی ہے، جس نے گذشتہ ماہ ان اپیلوں کو مسترد کردیا تھا کہ امداد علی کو ذہنی بیماری کے باعث پھانسی نہیں دی جاسکتی۔

مزید پڑھیں:معذور عبد الباسط کی پھانسی موخر

جے پی پی کے مطابق امداد علی کی طبی حالت کو دیکھا جانا چاہیے اور ان حالات کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے جن کی وجہ سے ان کی ذہنی حالت خراب ہوئی۔

تنظیم کے مطابق امداد علی کو رواں ماہ 20 ستمبر کو پھانسی دی جائے گی۔

اے ایف پی کے مطابق جیل حکام کی جانب سے امداد کے اہلخانہ کو اس حوالے سے ایک خط بھیجا جاچکا ہے، جس میں پوچھا گیا ہے کہ کیا وہ پھانسی سے قبل امداد سے آخری ملاقات کرنا چاہیں گے۔

جے پی پی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سارا بلال کا کہنا تھا کہ 'اگر پاکستان نے ایک ذہنی معذور شخص کو پھانسی دی تو یہ اس کی جانب سے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کے مترادف ہوگا'۔

سارا بلال نے اے ایف پی کو بتایا، ' یہ سب کچھ جانتے ہوئے بھی ایک ذہنی معذور شخص کی پھانسی ایک سنگین جرم بن جائے گی اور جیسا کہ کنونشن آن رائٹس آف پرسن وِد ڈس ایبیلیٹیز (سی پی آر ڈی)، جس کی پاکستان نے بھی 2011 میں توثیق کی تھی، معذور افراد کو 'عزت و وقار' دینے کی ضمانت دیتا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں : معذور قیدی کی پھانسی ملتوی

یاد رہے کہ اس سے قبل گذشتہ برس نومبر میں بھی 43 سالہ معذور قیدی عبد الباسط کی سزائے موت پر انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے احتجاج کیا گیا تھا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق عبد الباسط فیصل آباد سینٹرل جیل میں غیر انسانی حالات کی وجہ سے 2010 میں معذور ہو گئے تھے۔

انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا تھا کہ ٹی بی کی تشخیص کے باوجود عبد الباسط کو مناسب طبی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں جس کی وجہ سے ان کی ریڑھ کی ہڈی شدید متاثر ہوئی۔

پاکستان کی جانب سے سزائے موت پر عمل درآمد کو انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں:معذور قیدی کی سزائے موت روکنے کی اپیل

خیال رہے کہ پاکستان نے گزشتہ برس 16 دسمبر 2014 کو پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد پھانسی پر عائد غیر اعلانیہ پابندی ختم کی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں 6 سال تک پھانسیوں پر غیر اعلانیہ پابندی عائد تھی تاہم سانحہ آرمی پبلک اسکول کے بعد نیشنل ایکشن پلان کے تحت پابندی پر خاتمے کے بعد ابتداء میں دہشت گردی میں ملوث افراد کو پھانسیاں دی گئی تھیں، تاہم بعد میں مارچ 2015 سے ان افراد کی سزائے موت پر بھی عمل درآمد کیا جانے لگا جو کہ دیگر جرائم میں ملوث تھے۔

رپورٹس کے مطابق دسمبر 2014 کے بعد سے اب تک 400 سے زائد افراد کو سزائے موت دی جاچکی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024