پاکستان میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے سے منائی گئی
پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی، جہاں فرزندان اسلام نے سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں اپنے جانور قربان کیے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عید الضحی کی نماز کا مرکزی اجتماع فیصل مسجد میں ہوا، جڑواں شہروں راولپنڈی، اسلام آباد سمیت مضافاتی علاقوں سے آنے والے شہریوں سمیت مئیر اسلام آباد شیخ عنصر، وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ، سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک و دیگر اہم شخصیات نے نماز عید فیصل مسجد میں ادا کی۔
وزیراعظم نوازشریف نے رائے ونڈ کی مسجد میں نماز عید ادا کی، حمزہ شہباز اور حسن نواز بھی وزیر اعظم کے ہمراہ موجود تھے۔
پشاور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع چارسدہ روڈ کے عید گاہ میں ہوا جس میں فرزندان اسلام نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور نماز عید کے بعد ملکی ترقی، سلامتی اور پوری دنیا میں اسلام کی سر بلندی و امن امان کے لئے خصو صی دُعائیں مانگی گئی۔
گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے نماز عید گورنر ہاؤس جبکہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے نوشہرہ میں اپنے آبائی علاقے مانکی شریف میں ادا کی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے عید کی نماز نتھیا گلی مری میں ادا کی۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں رواں سال 75 لاکھ جانوروں کی قربانی متوقع
لاہور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا، جہاں گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ اور ڈی سی او لاہور کیپٹن عثمان نے نماز عید ادا کی جبکہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے منصورہ میں نماز عید ادا کی۔
کراچی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع پولو گراؤنڈ میں منعقد ہوا جس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور معززین شہر سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
وزیر اعظم نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ اپنی عید کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کے نام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہ سلام کی تسلیم ورضا کی یادگار ہے، حضرت ابراہیم علیہ سلام نے پروردگارکی خوشنودی کے لیے دنیا کے ہر رشتے کو قربان کیا۔
مزید پڑھیں: میڈیا کے ہاتھوں فریضے کی قربانی
وزیراعظم نے کہا کہ تمام مسلمانوں اور بالخصوص کشمیری عوام کوعید کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی عید کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کے نام کرتے ہیں جو حق خودارادیت کے لیے اپنی تیسری نسل قربان کرچکے ہیں۔