• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

میڈیا کے ہاتھوں فریضے کی قربانی

شائع September 12, 2016
— فوٹو یمنیٰ رفیع۔
— فوٹو یمنیٰ رفیع۔

عید الفطر سے لے کر عید الاضحیٰ تک، محرم الحرام سے لے کر ربیع الاول تک، رمضان المبارک سے لیکر ذوالحج کے مہینے تک، پاکستان میں سب کُچھ کارپوریٹ میڈیا کی زد میں ہے۔

وہ خواتین و مرد اینکر حضرات جو سارا سال خبروں، تجزیوں، فیشن شوز، گیم شوز اور مارننگ شوز میں مصروف رہتے ہیں، مقدس مہینے آتے ہی عبادات کا درس دینے کی ملازمت اختیار کر لیتے ہیں۔

مذہبی تہواروں کو کمرشلائز کر کے منافع کمانے کا یہ سفر یہاں نہیں رُکتا بلکہ پاکستان کے الیکٹرانک میڈیا نے مذہب کے تاثر پر بھی اثر انداز ہونا شروع کر دیا ہے۔

عید الاضحیٰ حج کی ادائیگی کی خوشی میں منائی جاتی ہے اور اس سے وابستہ قربانی کے مقدس فریضے کی تاریخی اہمیت ہے۔ تاہم قربانی کے اس نظریے کو بھی میڈیا کے ادارے صرف جانور ذبح کرنے کا تہوار بنا کر بخوبی پیش کر رہے ہیں، جبکہ اس کی حقیقی روح سے ناآشنا رکھا جاتا ہے۔

پڑھیے: کیا آپ کی گائے برانڈڈ ہے؟

نہ صرف یہ، بلکہ ٹی وی چینلوں پر قربانی کے جانوروں کا تقدس بھی پامال کیا جاتا ہے، جس سے یہ کہیں سے بھی محسوس نہیں ہوتا کہ یہ پورا کام سنتِ ابراہیمی کی پیروی میں کیا جا رہا ہے۔

ٹی وی ریٹنگز کے لیے کارپوریٹ مقاصد کو مذہب کے ساتھ بہت خوبی سے جوڑا گیا ہے، اور اس کا یہ دائرہ پھیلتا ہی جا رہا ہے۔ قربانی کے جانوروں کے نام رقاصاؤں اور اداکاروں کے ناموں پر، کوئی جانور بنٹی ہے تو کوئی ببلی۔

صرف یہیں تک نہیں، بلکہ قربانی کے ان جانوروں کی خوبصورتی کو بھی اداکاراؤں کے جلووں نے گھیر لیا ہے۔ کہیں جانوروں کو کیٹ واک کروائی جارہی ہے تو کبھی ان کا مقابلہء حُسن کروا کر دولت کی نمود و نمائش ہوتی ہے۔

ٹیلی ویژن کی جانب سے قربانی کے خوبصورت جانوروں کے فیشن شوز کو براہ راست دکھانے کی بازی لینے کے دعوے اس بات کی غمازی کر رہے ہیں کہ قربانی کے عظیم مقصد کو بھی انٹرٹینمنٹ بنا دیا گیا ہے۔

برقی میڈیا پر قربانی کے جانوروں کی کوریج کے انداز سے ان اداروں میں بیٹھے افراد کی ذہنی بالیدگی اور ان کے پروفیشنل ازم کا بھی بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

مویشی منڈیوں میں جانوروں کی انواع و اقسام پر پُر مغز گفتگو، جگتوں پر مبنی پروگرام، بیوپاریوں کے ساتھ طنز و مزاح اور قربانی سے متعلق تفریح پر مبنی پروگرامز نشریات کا اہم ترین جزو بن گئے ہیں۔

مزید پڑھیے: کارپوریٹ قربانی

دین کی روح کو مجروح کرنے کا جو کاروبار جاری ہے، اس کے خلاف عوام میں ردِ عمل تک نہیں ملتا، کیوں کہ عوام کا ذہن بھی اسی سانچے میں ڈھالا جا چکا ہے۔

پاکستان کے نیوز چینلز نے عوامی مہم چلا رکھی ہے جس میں شہریوں کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ اپنے جانور کے ساتھ سیلفی بنائیں، چینل اُنہیں پورے اہتمام کے ساتھ نشر کرے گا۔

لہٰذا مویشی منڈی میں سیلفیاں، جانور گھر لانے پر سیلفیاں، قربان کرنے سے پہلے سلیفیاں میڈیا کا پسندیدہ موضوع بن چکا ہے، بلکہ اگر کہیں کیمرہ مین کو یہ منظر عکس بند کرنے کو نہ ملے تو وہ خود سے کسی کو کہہ کر ایسا منظر کو تخلیق کر لیتا ہے۔

آج جدید تحقیق سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ سیلفیاں دراصل ہماری خودپسند فطرت کی عکاس ہوتی ہیں، اور جس شخص میں خودپسندی زیادہ ہو، وہ سیلفیاں بھی زیادہ لیتے ہیں۔

بہرحال، ہر کسی کا انفرادی عمل اس کے ساتھ، مگر یہ کیا کہ پوری قوم کو جانوروں کے ساتھ سیلفیاں لینے پر لگا دیا جائے۔ بچوں کے ذہنوں میں اگر ابھی سے یہی بات بٹھا دی جائے گی کہ مہنگے سے مہنگا جانور لینا ہے، اچھی سے اچھی سیلفی لینی ہے، تو کیا ان سے یہ توقع کی جا سکتی ہے کہ وہ بڑے ہو کر قربانی کو نمود و نمائش کا ذریعہ سمجھنے کے بجائے اسلامی فریضہ سمجھ کر ادا کریں گے؟

اور صرف میڈیا کو ہی قصوروار کیوں ٹھہرایا جائے؟ کیا ہمارے عوام اس سب میں کسی سے پیچھے ہیں؟ میڈیا تو جو کر رہا ہے، وہ اپنی جگہ، مگر عوام بھی میڈیا کو پیچھے چھوڑ دینے کے لیے قربانی کے جانوروں کی نمود ونمائش میں اپنا حصہ ڈالنے کو ہمہ وقت تیار ہوتے ہیں۔

گلی محلوں میں جانوروں کے ساتھ جو اٹھکھیلیاں کھیلی جاتی ہیں اور پھر مہنگے جانوروں کے جس انداز میں چرچے ہوتے ہیں، اپنے اپنے جانوروں کے ساتھ ویڈیوز بنا کر فیس بک کی دیواروں پر چھاپ دینا اور پھر ان پر طرح طرح کے تبصروں کا انتظار کرنا، اس سے بظاہر لگتا ہے کہ جانوروں کی قربانی فیشن انڈسٹری کا درجہ اختیار کر چکی ہے جس میں رضائے الٰہی نہیں بلکہ ہمسائیوں اور رشتے داروں کے سامنے مالدار ہونے کا رُعب ودبدبہ رکھنے کی خواہش شامل ہوتی ہے۔

تصاویر: دنیا بھر میں عید قرباں کے رنگ

قربانی کے دن ٹی وی چینلز پر طرح طرح کے پکوان تیار کرنے کے مشوروں، عید الاضحیٰ کے مقدس دن کو شغل میلہ بنانے اور اداکاراؤں کے جلووں کی زینت بنا کر عوام الناس کے سامنے پیش کیا جاتا ہے، کسی ٹی وی چینل پر چپل کباب کی تیاری کا وقت ہے تو کسی پر رانوں کی تیاری کا، کسی ٹی وی پر سری پائے تیار ہو رہے ہیں تو کسی ٹی وی پر نہاری بنانے کے آزمودہ نسخوں پر ماہرانہ رائے عوام کو پیش کی جاتی ہے۔

سمجھ میں نہیں آتا کہ کیا یہ اسی دین کا تہوار ہے جس دین کی تعلیمات میں یہ ہے کہ پھل کھا کر چھلکے باہر نہ پھینکو کہ کہیں غریب پڑوسی کو اپنی کم مائیگی کا احساس نہ ہو؟

اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کے بیٹے اسماعیل علیہ السلام کی جو قربانی مانگی تھی وہ رسم نہیں تھی بلکہ اس قربانی میں بہت سی باتیں مخفی ہیں جو قرآن پاک نے تفصیل سے بیان کر رکھی ہیں۔ مگر ان باتوں میں چوں کہ عوام کی دلچسپی باقی نہیں رہی، اس لیے میڈیا کو معلوم ہے کہ ٹی وی کی ریٹنگز جانوروں کی سیلفیوں اور کیٹ واکس سے آئیں گی، لہٰذا پاکستان کا میڈیا بھی اسے اپنی ذمہ داری سمجھنے کو تیار نہیں ہے اور نہ ہی میڈیا اداروں کے پالیسی ساز اس پر گفتگو کرنے کو تیار ہیں۔

میڈیا یہ کہہ کر اپنی ذمہ داری سے مبراء نہیں ہو سکتا کہ ہم وہی دکھاتے ہیں جو عوام دیکھنا چاہتے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کا بنیادی مقصد رائے عامہ کو ہموار کرنا اور ذہن سازی ہوتا ہے۔ اگر میڈیا جانوروں کے فیشن شوز کی ترویج کرنا چھوڑ دے، تو یہ رجحان خود ہی ختم ہو جائے گا۔

عوام کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ وہ میڈیا سے کیا لے رہے ہیں۔ عوام صارف ہیں، اور اگر صارف چاہے تو مصنوعات خریدنے سے انکار کر سکتا ہے، مگر ہم ذہنی پستی کی اس گہرائی میں گر چکے ہیں جہاں سے مستقبل قریب میں ہمارا نکلنا ناممکن دکھائی دیتا ہے۔ چنانچہ میڈیا کے ہاتھ یہ بہانہ آتا ہے کہ عوام یہی دیکھنا چاہتے ہیں۔

پتہ نہیں آنے والے سالوں میں قربانی کے فریضے کا میڈیا اور عوام کے ہاتھوں مزید کیا حشر ہوگا۔

اکمل سومرو

اکمل سومرو سیاسیات میں پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھتے ہیں۔ انہیں ٹوئٹر پر فالو کریں akmalsoomroCNN@

ان سے ان کے ای میل ایڈریس [email protected] پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (2) بند ہیں

Ahmad Sep 12, 2016 06:13pm
So true. It is a shame.
Hanif Sep 12, 2016 06:29pm
I was waiting for this type of article. At least a article :(

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024