• KHI: Partly Cloudy 20.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 10.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 20.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 10.8°C

خیبر ایجنسی میں فضائی کارروائی، 9 'دہشت گرد' ہلاک

شائع September 9, 2016

پشاور: وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے فاٹا کی خیبر ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی کے دوران 9 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرایجنسی کی وادی تیراہ کے علاقے کوکی خیل میں مبینہ دہشت گردوں کے 2 ٹھکانوں پر فضائی کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں 9 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

خیال رہے کہ اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی، کیونکہ کارروائیوں اور آپریشن کے باعث مذکورہ علاقے میں صحافیوں کو جانے کی اجازت نہیں۔

مزید پڑھیں:خیبر ایجنسی: فورسز کے آپریشن میں 6 'دہشت گرد' ہلاک

اس سے قبل گذشتہ ماہ 21 اگست کو بھی خیبر ایجنسی میں پاک فوج کی مختلف کارروائیوں کے دوران 6 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق خیبر ایجنسی کے علاقوں ستار قلعے، نارے ناؤ اور راجگال میں فضائی کارروائیوں اور زمینی آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے 2 ٹھکانے تباہ کیے گئے جبکہ اس دوران 6 مبینہ عسکریت پسند بھی ہلاک ہوئے۔

اس سے 2 روز قبل آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے خیبر ایجنسی میں اگلے مورچوں کا دورہ کرکے راجگل میں جاری آپریشن کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:آرمی چیف کا خیبر ایجنسی کے اگلے مورچوں کا دورہ

آرمی چیف نے سرحد کے دونوں اطراف دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر کڑی نگرانی رکھنے کی ہدایت اور دہشت گردی کے خلاف پاکستانی قوم کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے ہمارے بارڈر مینجمنٹ کے اقدام کو مدد اور تقویت ملے گی۔

یاد رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے پاک-افغان سرحد کے قریب واقع خیبر ایجنسی کے علاقے راجگل میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کر رکھا ہے۔

پاک افغان سرحدی علاقے میں کی جانے والی زمینی و فضائی کارروائیوں میں کئی دہشت گرد ہلاک اور ان کے متعدد ٹھکانے تباہ ہوچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2025
کارٹون : 24 دسمبر 2025