• KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 12:10pm Asr 3:40pm
  • ISB: Zuhr 12:15pm Asr 3:40pm
  • KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 12:10pm Asr 3:40pm
  • ISB: Zuhr 12:15pm Asr 3:40pm

ریشے دار غذاؤں کا کم استعمال 7 امراض کا باعث

شائع September 9, 2016
— کریٹیو کامنز فوٹو
— کریٹیو کامنز فوٹو

فائبر (ریشے) سے بھرپور غذاﺅں کا استعمال طویل العمری اور صحت مند زندگی میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

یہ بات گزشتہ دنوں آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

تحقیق میں دعویٰ کیا گیا کہ پھلوں، روٹی، بریڈ اور دلیے میں پائے جانے والا یہ جز لوگوں کو بڑھاپے میں مختلف بیماریوں اور معذوری سے بچانے کے لیے فائدہ مند ہے۔

مزید پڑھیں : ریشے دار غذائیں طویل عمر کی کنجی؟

طبی ماہرین کے مطابق آپ کی غذا میں ہر ایک ہزار کیلوریز میں اس جز کی مقدار 14 گرام ہونی چاہیے تاہم اگر جسم میں اس کی کمی ہوجائے تو پھر کیا ہوگا؟

فائبر کی کمی سے آپ کو ذیل میں دیئے جانے والے امراض یا جسمانی عارضوں کا سامنا ہوسکتا ہے۔

اکثر قبض رہنا

کیا آپ کو کھانے کے بعد لگتا ہے کہ معدے میں اینٹ رکھ دی گئی ہے؟ اگر آپ کی آنتیں کام نہیں کرتیں تو یقیناً آپ قبض کا شکار ہیں اور اس کی سب سے بڑی ممکنہ وجہ روزمرہ کی غذا میں فائبر کی بہت کم مقدار کا شامل ہونا ہے۔ ماہرین کے مطابق فائبر کے کچھ اجزاء ہضم نہیں ہوتے جس کے نتیجے میں وہ غذا کو غذائی نالی میں تیزی سے ہضم ہونے میں مدد دیتے ہیں جس سے قبض کا امکان کم ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : قبض سے نجات دلانے والے 10 گھریلو نسخے

موٹاپا

فائبر یا ریشے سے بھرپور سبزیاں آپ کو نوالے زیادہ دیر تک چبانے پر مجبور کردیتی ہیں اور پیٹ جلد بھر جاتا ہے، یعنی کم خوراک جسم کا حصہ بنتی ہے۔ اگر آپ کی غذا میں فائبر کی مناسب مقدار شامل نہیں ہوگی تو آپ نوالوں کو جلد نگل کر ضرورت سے زیادہ کھانا کھالیں گے جس سے جسمانی وزن تو بڑھنا ہی ہے۔

ہر وقت بھوک لگنا

جنک فوڈ جن میں فائبر کی مقدار بہت کم ہوتی ہے، خوراک کی اشتہا کو مطمئن نہیں کرپاتے، فائبر درحقیقت غذائی نالی میں موجود پانی کو جذب کرکے پیٹ بھرنے کا احساس پیدا کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کم فائبر والی غذاﺅں کو کھانے کے کچھ دیر بعد ہی دوبارہ بھوک لگنے لگتی ہے۔

کولیسٹرول میں تشویشناک اضافہ

فائبر سے صرف پیٹ ہی نہیں بھرتا بلکہ یہ کولیسٹرول کی سطح کو بھی کم کرنے کے لیے فائدہ مند ہے۔ فائبر چھوٹی آنتوں میں کولیسٹرول کو دبا کر دوران خون سے دور رکھتی ہے۔ فائبر سے بھرپور غذا کا استعمال کولیسٹرول کی سطح کم رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے جس کے نتیجے میں امراض قلب یا خون کی شریانوں کے امراض کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے۔

اکثر دل متلانے کا احساس

ہوسکتا ہے آپ پروٹین سے بھرپور غذا کو جسمانی وزن میں کمی اور فٹ رہنے کے لیے بہترین سمجھتے ہوں مگر آپ کے جسم کو اپنے افعال درست طریقے سے سرانجام دینے کے لیے کاربوہائیڈریٹس کی بھی ضرورت ہوتی ہے، کم کاربوہائیڈریٹ (جو کہ کم فائبر والی بھی ہوتی ہیں) آپ کو تھکاوٹ کا شکار اور دل متلانے کے احساس کا شکار کرسکتی ہیں۔

بلڈ شوگر بڑھ جانا

فائبر سے بھرپور غذائیں بلڈ شوگر کی سطح بھی کم کرتی ہیں، درحقیقت زیادہ فائبر جسم کے اندر جانے سے گلوکوز کے چھوٹی آنتوں میں جذب ہوکر دوران خون میں جانے کا عمل سست ہوجاتا ہے، جس کے نتیجے میں بلڈ شوگر کی سطح کافی سست روی سے بڑھتی ہے۔

معدے میں درد

عمر بڑھنے کے ساتھ پیٹ میں درد بڑھنے لگتا ہے جس کی وجہ بڑی آنت کا پھولنا اور سوجن کا شکار ہونا ہوتا ہے۔ اس کی وجہ بھی فائبر سے بھرپور غذا کا استعمال نہ کرنا ہے جس کے نتیجے میں الٹیاں، ہیضے، پیٹ میں گیس بھرجانے جیسے امراض کا سامنا ہوتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025