• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

روسی صدر،براک اوباما سے بہتر لیڈر ہیں: ڈونلڈ ٹرمپ

شائع September 8, 2016

نیو یارک: ریپبلکن پارٹی کی جانب سے امریکا کے صدارتی انتخاب کے امیدوار اور ارب پتی تاجر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن، امریکی صدر براک اوباما کے مقابلے میں کئی گنا بہتر لیڈر ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل بھی روسی صدر کی کئی بار تعریف کرچکے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران امریکی صدارتی امیدوار کا کہنا تھا کہ ولادی میر پیوٹن ایک لیڈر سے کہیں زیادہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح بڑا عالمی خطرہ: رپورٹ

اس بیان کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کی ولادی میر پیوٹن کی ستائش چھپی نہیں رہی، جنہوں نے گزشتہ سال امریکی تاجر کی ’انتہائی شاندار‘ الفاظ کہتے ہوئے تعریف کی تھی۔

ٹی وی انٹرویو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ’روسی صدر کا اپنے ملک پر سخت کنٹرول ہے، روس کا نظام بہت مختلف ہے جسے میں ذاتی طور پر پسند نہیں کرتا لیکن اس نظام میں وہ واضح طور پر امریکی صدر براک اوباما سے کئی گنا بہتر لیڈر ہیں۔‘

مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ باضابطہ طور پر صدارتی امیدوار نامزد

ڈونلڈ ٹرمپ کے انٹرویو سے قبل اسی ٹی وی پروگرام کے دوران ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن سے، ان کے ای میل اسکینڈل کے حوالے سے سوالات کیے گئے۔

ٹی وی میزبان نے ہیلری کلنٹن سے پوچھا کہ ’بطور وزیر خارجہ، حکومتی ای میلز کو نجی سرور پر استعمال کرنے پر کیا انہیں صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار نہیں دیا جانا چاہیے تھا۔‘

اس سوال کے جواب میں امریکی صدارتی امیدوار نے کہا کہ ’نجی اکاؤنٹ کا استعمال کرنا میری غلطی تھی جو میں آئندہ ہرگز نہیں دہراؤں گی، میں نے اس حوالے سے کوئی بہانہ نہیں بنایا اور نہ ہی ای میلز کی معلومات کا غلط استعمال کیا۔‘

امریکا میں صدارتی انتخاب سے قبل امیدواروں کے درمیان ٹی وی پر مباحثے کا آغاز 26 ستمبر سے ہوگا۔

واضح رہے کہ صدارتی انتخاب کے لیے اپنی انتخابی مہم کی خود ہی فنڈنگ کرنے والے ارب پتی تاجر ڈونلڈ ٹرمپ کو مسلمانوں کے داخلے پر پابندی کے حوالے سے بیان اور میکسیکو سے ہجرت کرکے امریکا آنے والوں کو ’مجرم‘ اور ’ریپسٹ‘ کہنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان کی مسلمانوں پر پابندی کی تجویز کی ناصرف حکومتی اراکین، بلکہ ان کی اپنی پارٹی کے ساتھیوں نے بھی مذمت کی تھی۔

تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخاب کے لیے مئی 2016 میں پارٹی امیدوار کی نامزدگی حاصل کرنے کے بعد ہر کسی کو حیرت زدہ کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024