• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستانی انجینئر کا تیار کردہ کم قیمت وینٹی لیٹر

شائع September 9, 2016
— فوٹو بشکریہ ایم آئی ٹی ٹیکنالوجی ریویو پاکستان
— فوٹو بشکریہ ایم آئی ٹی ٹیکنالوجی ریویو پاکستان

اگر آپ کو ہسپتال جانے کا موقع ملے تو وارڈ کےاندر موت جیسی خاموشی میں صرف سانس لینے میں دشواری کے سبب مریضوں کی کراہیں سنائی دیں گی۔

ان میں سے بیشتر مریض بچے ہوتے ہیں جو موسمِ سرما میں نظام تنفس کے امراض کا شکار ہوجاتے ہیں جن میں نمونیا قابل ذکر ہے، جبکہ ہر بستر کے اردگرد ان کے لواحقین کھڑے نظر آئیں گے جو اپنے پیاروں کے درد کو محسوس کرتے ہوئے نہ صرف پریشان ہوتے ہیں بلکہ مسلسل اس کوشش میں مصروف نظر آتے ہیں کہ کسی طرح ان کے مریض کی تکلیف میں کمی آسکے۔

اس کے ساتھ ساتھ ایسے مناظر بھی دیکھنے کو ملیں گے جہاں مریضوں کے لواحقین ان کی سانسوں کی بحالی کے لیے مشینوں پر جھکے ہوئے ہوں گے اور تازہ ہوا مریض کے پھیپھڑوں تک پہنچانے کی کو شش میں مصروف ہوں گے۔

ڈاکٹر مجیب الرحمان بھی ان میں سے ایک تھے۔

ان کے بقول 'میرے بھتیجے کو بیماری کے سبب ساہیوال سے لایا گیا اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کی حالت بگڑتی چلی گئی مگر ہسپتال میں اس کی سانسوں کو جاری رکھنے کے لیے وینٹی لیٹر دستیاب نہیں تھا۔ ہمیں مریض کی سانسوں کی روانی کے لیے ایک عارضی انتظام کے طور پر ambu bag دیا گیا۔ مجھ سمیت وہاں موجود 3 افراد باری باری اس بیگ کو دباتے تاکہ آکسیجن کی مطلوبہ مقدار بچے کے پھیپھڑوں تک پہنچتی رہے'۔

صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات اور وینٹی لیٹرز کی کمیابی کوئی نئی بات نہیں۔ ڈان کی ایک رپورٹ کے مطابق حال ہی میں صوبائی حکومت نے ایک کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ آف پاکستان میں ایک رپورٹ جمع کرائی، جس میں کہا گیا ہے کہ صوبہ کے سرکاری ہسپتالوں میں مجموعی طور پر 885 وینٹی لیٹر موجود ہیں جن میں سے کم از کم 14 فیصد یا 122 وینٹی لیٹر خراب ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ان مشینوں میں سے بیشتر کو مقامی طور پر ٹھیک کرایا گیا تاہم اہم پرزہ جات اور تکنیکی سہولیات کے فقدان کے باعث مشینیں بہت کم وقت تک ہی ٹھیک رہ سکیں ، مشینوں کی مکمل بحالی کے لیے ان پرزہ جات کو بیرون ملک سے درآمد کرنا پڑے گا۔

وینٹی لیٹرز کی عدم دستیابی کے سبب اب تک متعدد قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ لاہور میں گزشتہ برس دسمبر میں مشینوں کی خرابی اور ان کے کام نہ کرنے کے سبب ایک بڑے سرکاری ہسپتال میں 10 بچے ہلاک ہوگئے تھے۔

اس وقت جبکہ فعال وینٹی لیٹر کی تعداد بہت کم ہے، تو زندگی بچانے والی اس مشین تک رسائی بیشتر افراد کے لیے چیلنج سے کم نہیں، خاص طور پر سرکاری ہسپتالوں میں، جہاں ambu bags استعمال کیے جارہے ہیں۔

وہ شخص جو کوئی میڈیکل بیک گراؤنڈ نہیں رکھتا، یہ بات نہایت آسانی سے سمجھ سکتا ہے کہ سانسوں کی روانی کے لیے مینوئل طریقہ درحقیقت تباہ کن ہو سکتا ہے۔ انسانی جسم میں موجود دل ایک پرفیکٹ انجن کی طرح کام کرتا ہے۔ یہ خون کی روانی کو برقرار رکھتے ہوئے پھیپھڑوں تک تازہ آکسیجن فراہم کرنے اور اسے حرکت میں رکھنے کا سبب بھی ہے تاہم جب دل پھیپھڑوں تک مطلوبہ مقدار میں آکسیجن فراہم نہ کر سکے تو صورتحال خطرناک ہو جاتی ہے اور یہی وہ مرحلہ ہے جب وینٹی لیٹر کو استعمال کیا جاتا ہے۔

بیشتر نجی ہسپتالوں میں بستروں کی شرح کے لحاظ سے وینٹی لیٹرز کی صورتحال قدرے اطمینان بخش ہے تاہم چونکہ یہ ہسپتال کاروباری نکتہ نظر سے کام کرتے ہیں لہذا وہاں اس سہولت کی فراہمی کے لیے خطیر رقم کا مطالبہ کیا جاتا ہے جس کی ادائیگی عام آدمی کے بس کی بات نہیں۔

ڈاکٹر مجیب کا بھتیجا تین دن اور تین راتوں تک سرکاری ہسپتال میں موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد خالق حقیقی سے جا ملا اور اس عرصے کے دوران وینٹی لیٹر دستیاب نہیں ہو سکا۔

ڈاکٹر مجیب الرحمان حال ہی میں معروف امریکی ادارے کیلفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری لے کر واپس آئے اور اب وہ ملک میں خود کو بے بس محسوس کرنے لگے۔

ان کا کہنا تھا 'ایک انجینئر کے طور پر سرکاری ہسپتال کے وارڈز میں صورتحال کا قریب سے مشاہدہ کرنا میرے لیے نہایت تکلیف دہ امر تھا کہ ہم 21 ویں صدی میں ہونے کے باوجود کس صورتحال کا شکار ہیں اور میرے پاس اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا کہ میں یا تو خاموش تماشائی کی طرح سمجھوتہ کر کے بیٹھ جاؤں یا مسئلے کے حل کے لیے اپنی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاؤں'۔

ڈاکٹر مجیب الرحمان نے دوسرے راستے کا انتخاب کیا۔

ڈاکٹر مجیب ایجاد شدہ چیز کو دوبارہ ایجاد کرنے کے خواہاں نہیں تھے بلکہ ان کا خیال تھا کہ ایسی پراڈکٹ تیار کی جائے جو انسانی نقائص سے پاک ہو اور اسے Ambu bag کے متبادل کے طور مریضوں کے سانسوں کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے استعمال میں لایا جا سکے۔

لہذا انہوں نے Ambu Bag کے خودکار استعمال کے طریقوں پر غور کرنا شروع کیا۔

ڈاکٹر رحمان کا کہنا تھا 'کسی جانی پہچانی چیز کو قبول کرنا آسان ہوتا ہے، اگر ہم کچھ بالکل مختلف تیار کرتے ہیں تو اسے قبول کرانا بھی چیلنج سے کم نہیں ہوتا'۔

انہوں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (UET) کے مکینیکل انجیئنر کی مدد سے اس کام کا آغاز کیا ، سب سے پہلے منصوبے پر کاغذی کارروائی کا آغاز ہوا اور پھر مشین کے ڈیزائن پر توجہ دی گئی۔

فوٹو بشکریہ ایم آئی ٹی ٹیکنالوجی ریویو پاکستان
فوٹو بشکریہ ایم آئی ٹی ٹیکنالوجی ریویو پاکستان

مشین کا ڈیزائن مکمل ہونے کے بعد اصل کام کا آغاز کیا گیا۔ کام کے اس مرحلے پر ڈاکٹر رحمان کو ایک کُل وقتی ساتھی کی ضرورت محسوس ہوئی اور اس طرح آئی ٹی یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے سعد پاشا اس منصوبے کا حصہ بنے۔

دونوں نے باہمی تعاون سے کم قیمت ایمبو بیگ وینٹی لیٹر سسٹم کا ورژن 0.1 تیار کیا۔

اس حوالے سے ڈاکٹر رحمان کا کہنا تھا 'اس سسٹم کے لیے ضروری تھا کہ یہ لاگت، وزن اور حجم میں کم ہو، دوسری چیز طبی نکتہ نظر سے درکار خدمات فراہم کرسکے، اس مشین کی تیاری کے بعد یہ دیکھنا تھا کہ یہ مشین تجرباتی بنیاد پر کس طرح کام کرتی ہے'۔

اس ایجاد کا دل ایک موٹر ہے جو ایمبو بیگ کے فلو ریٹ اور والیوم کو مانیٹر کرتی ہے۔ ان دونوں کو ایمبو بیگ اور موٹر پر نصب سنسرز کے ذریعے مانیٹر کیا جاتا ہے۔

یہ سنسرز نہ صرف درست پیرامیٹرز کو برقرار رکھتے ہیں بلکہ کسی بھی خرابی کی فوری نشاندہی کرتے ہیں۔ اس ڈیوائس کو چلانے کے لیے 12 وولٹ کی بیٹری نصب کی گئی ہے۔

ڈاکٹر رحمان کے بقول 'اس مرحلے پر ہم ڈیوائس کو فعال شکل دینا چاہتے تھے'۔

اس ڈیوائس کے نمونے کی تیاری کے لیے رقم آئی ٹی یونیورسٹی کے ریسرچ فنڈ سے جاری کی گئی۔

ڈاکٹر رحمان کا کہنا ہے کہ اس ڈیوائس کے حوالے سے 2 اہم چیلنجز درپیش ہیں، ایک اس ڈیوائس کی آزمائش اور دوسرا چیلنج اس ڈیوائس کی کمرشل بنیادوں پر تیاری کے لیے پرزہ جات کی تیاری وغیرہ ہے۔

ڈاکٹر رحمان کے مطابق ابتدائی طور پر اس ڈیوائس کے کلینیکل تجربات جانوروں پر کیے جائیں گے اور کامیابی کی صورت میں اس ڈیوائس کو انسانوں پر آزمایا جائے گا۔

دوسری جانب اس ڈیوائس کا پروٹو ٹائپ ہاتھ سے تیار کیا گیا ہے اور ڈیوائس کے تجربات کی کامیابی کی صورت میں اسے وسیع پیمانے پر تیار کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اس کے لیے پرزہ جات کی تیاری اور درست انداز میں اسمبلنگ ہو تاکہ اس وینٹی لیٹنگ سسٹم کی کمرشل بنیادوں پر تیاری ممکن ہو سکے۔

ڈاکٹر رحمان کے مطابق ابتدائی طور پر وہ اور ان کی ٹیم دس وینٹی لیٹر تیار کر سکتی ہے جنہیں کسی بھی ہسپتال میں لگایا جا سکتا ہے جہاں وہ اور ڈاکٹرز کی ٹیم مشترکہ طور پر اس وینٹی لیٹنگ سسٹم کے افعال و کردار کا جائزہ لے کر اس کی افادیت کا تعین کر سکتے ہیں اور اگر ڈیوائس میں نقائص پائے گئے تو وہ بھی دور کیے جا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ سب سے اہم مسئلہ یہ ہے کہ ہم کوئی چیز تیار کرتے ہیں تو اس سے فائدہ نہیں اٹھاتے بلکہ اسے ایک کونے میں رکھ دیتے ہیں جہاں وہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ گردوغبار میں اَٹ جاتی ہے لیکن ان کا کہنا تھا کہ 'میں اپنی تیار کردہ ڈیوائس کے ساتھ ایسا نہیں ہونے دوں گا'۔

یہ مضمون پہلے ایم آئی ٹی ٹیکنالوجی ریویو میں شائع ہوا جہاں سے اجازت کے بعد یہاں شائع کیا گیا۔

تبصرے (4) بند ہیں

ahmakadami Sep 09, 2016 09:52am
جہاں وہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ گردوغبار میں اَٹ جاتی ہے لیکن ان کا کہنا تھا کہ 'میں اپنی تیار کردہ ڈیوائس کے ساتھ ایسا نہیں ہونے دوں گا'۔we will like to see
عبدالحفیظ Sep 09, 2016 01:24pm
محترم ڈاکٹر مجیب صاحب اور اُن کی ٹیم کے لئے دلی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنے مقصد میں کامیاب کرے۔ عام آدمی تو سوائے کُڑھنے اور اسپتالوں میں ذلیل ہونے کے کچھ نہیں کر سکتا، جب کہ صحت کے شعبے سے منسلک لوگ اور اِن جیسے ہنر مند افراد اپنی ذہانت اور علم سے اس ٹوٹے پھوٹے نظام میں کچھ نہ کچھ بہتری کر سکتے ہیں اور اُنہیں کرنی بھی چاہیئے۔
M. Aslam Sep 09, 2016 02:31pm
Ek insan ka qatal sari insaniyat ke qatal ke mutradif he. Isi tarah ek insaan ki jaan bachaney ki koshish sari insaniyat ko bachaney ke braber he. Keep it up. Allah Taala aap logo ko din dugni, rat chogni traqqi ata fermaey or aap ki tamam mushkilen aasan fermaey. Aameen.
Inder Kishan Thadhani Sep 09, 2016 11:51pm
تصور کریں کہ ہم نیوکلیئر پاور ملک ہیں، لیکن اسپتال میں عام عوام کو معمولی وینٹی لیٹر جیسی سہولت نہیں دے سکتے! اور کتنا موقع دینا چاہئے تھکی ہوئی حکومتوں کو؟ آپٹیمسٹ صاحبان کہتے ہیں کہ وقت کے ساتھ جمہوریت بہتر ہوتی جاتی ہے، اور کتنا وقت لے گی یہ جمہوریت جس میں حکمران ڈلیور کرنے کی بجائے رسیو کرتے رہتے ہیں، ہمیشہ ان کے گھر بڑے ہوجاتے ہیں، بینک بیلنس بڑا ہوجاتا ہے لیکن عوام وہیں مرتے رہتے ہیں، کبھی اسپتالوں میں تو کبھی سڑکوں پر تو کبھی سیلاب میں! لاہور یاد ہے نہ؟ کچھ دن پہلے کی ہے بات ہے! 8 سال سے میکنزم نہیں بن سکا ان سے شہر کو سیلابی ریلوں سے بچانے کا!

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024