• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

جموں و کشمیر میں 61 روز میں 92 افراد ہلاک

شائع September 7, 2016 اپ ڈیٹ September 8, 2016

سری نگر: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں مزید ایک کشمیری کی ہلاکت کے بعد 61 روز میں کشمیریوں کی ہلاکتوں کی تعداد 92 ہوگئی۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق وادی میں ہندوستانی فورسز کے انسانیت سوز مظالم اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں اور حالیہ واقعے میں ایک معمر کشمیری ہلاک ہوگیا ہے۔

ضلع کولگام میں ہندوستانی فورسز نے مظاہرین پر آنسو گیس کا شیل پھینکا جو عبدالغنی وانی کے سینے پر لگا جس سے وہ ہلاک ہوگیا۔

عبدالغنی کی ہلاکت کے بعد وادئ میں مظاہرے پھوٹ پڑے جبکہ فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

مزید پڑھیں: جنیوا میں مسئلہ کشمیر کی گونج

اس کے علاوہ فورسز کی جانب سے پھینکا گیا ایک آنسو گیس کا شیل اسکول کی عمارت میں گرنے سے اسکول کی مذکورہ عمارت جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئی۔

یاد رہے کہ وادئ میں آج بھی غیراعلانیہ کرفیو کے باعث مکمل شٹر ڈاؤن رہا۔

بعد ازاں ضلع شوپیاں کے علاقے کمدالان میں کشمیریوں نے ایک ریلی نکالی جس میں انھوں نے ہندوستان مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے جبکہ کشمیریوں نے پاکستانی پرچم بھی لہرایا۔

ادھر سری نگر سمیت وادئ کے دیگر چھوٹے اور بڑے شہروں میں ہندوستان مخالف احتجاج کیے گئے جن میں ہندوستانی فورسز نے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا جس سے متعدد نہتے کشمیری زخمی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: حریت رہنماؤں کا ہندوستانی وفد سے ملاقات کرنے سے انکار

دوسری جانب ضلع کپواڑہ میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے ہندوستانی فورسز کے قافلے پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں 3 فوجی شدید زخمی ہوگئے۔

سری نگر کے ہسپتال کی انتظامیہ نے انکشاف کیا ہے کہ ہندوستانی فورسز کی جانب سے استعمال کی گئی چھرے فائر کرنے والی گنوں کے استعمال سے مجموعی طور پر 680 افراد متاثر ہوئے جن میں آدھے بچے ہیں جبکہ ڈاکٹر ان کی بینائی کے واپس آنے کیلئے اُمید کھو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ 8 جولائی 2016 کو ہندوستانی فورسز نے جموں و کشمیر میں نوجوان حریت پسند برہان وانی کو جھڑپ کے دوران ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا جس کے بعد وادئ میں مظاہرے پھوٹ پڑے۔

مزید پڑھیں: ہندوستانی فوج کی فائرنگ ، 100 سے زائد کشمیری زخمی

ہندوستانی فورسز نے نہتے کشمیری مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا جبکہ ہندوستان نے وادئ کی صورت حال کو کنٹرول کرنے کیلئے مزید فوجی دستے بھیجے۔

مقامی میڈیا کے مطابق نہتے کشمیری مظاہرین کے خلاف ہندوستانی فورسز نے مختلف اسلحہ استمعال کیا جس سے 61 دونوں میں 92 کشمیری ہلاک ہوچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024