عید کے بعد رخ رائے ونڈ کی طرف ہوگا، عمران خان
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے عید کے بعد رائے ونڈ کی طرف مارچ کی دھمکی دے دی۔
ان کا کہنا ہے کہ اداروں سے انصاف نہ ملنے کی وجہ سے ہمیں سڑکوں پر آنا پڑا،ایف بی آر نے عوامی دباؤ پر پاناما میں نام آنے والوں کو نوٹس جاری کئے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاناما لیکس کے تحقیقات کے حوالے سے اپوزیشن کے ٹی او آرز کو تسلیم کرے۔
تحریک انصاف کےسربراہ عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں کہہ دیا کہ وہ وزیر اعظم نواز شریف کو کرپشن کا پیسہ ہضم نہیں کرنے دیں گے،انہوں نے پاناما لیکس پر وزیر اعظم سے چار سوالوں کےجواب بھی طلب کیے۔
انہوں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ لندن میں خریدی گئی جائیداد کے دستاویز دکھائیں، یہ بتائیں کہ فلیٹس خریدنے کیلئے اربوں روپے کہاں سے آئے، یہ پیسے بیرون ملک کیسے گئے اور کیا اس پر ٹیکس ادا کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاناما لیکس : ایف بی آر نے نوٹس جاری کر دیئے
لاہور کے چئیرنگ کراس پر ریلی کےشرکا سے خطاب میں انہوں نےالزام لگایا کہ نیب ،ایف بی آر ،ایف آئی اے اور الیکشن کمیشن حکومت کے ساتھ ملے ہوئے ہیں ۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن مسلم لیگ (ن) کی ’بی‘ ٹیم بنا ہوا ہے، جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) بھی پاناما پیپرز میں جن کے نام آئے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری ہر مہینے کتنے کروڑ روپے دبئی بھیجتے ہیں، لیکن وہ یاد رکھیں کہ انہیں مرنے کے بعد نواز شریف کو نہیں بلکہ اللہ کو جواب دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان بتائے کہ آخر کب تک وہ مسلم لیگ (ن) کی ’بی‘ ٹیم بنا رہے گا، جبکہ ایف بی آر بھی پاناما پیپرز میں جن کے نام آئے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہا۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ ’خواجہ آصف نے نواز شریف کو مشورہ دیا کہ چند ہی دنوں میں لوگ پاناما لیکس کو بھول جائیں گے، لیکن (ن) لیگ والے یاد رکھیں کہ نہ عوام اور نہ ہی ہم پاناما لیکس کو بھولنے دیں گے۔
مزید پڑھیں: پاناما لیکس : حکومت اور اپوزیشن قانونی جنگ کیلئے تیار
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف چاہتے ہیں کہ اپنے قانون کے تحت احتساب کریں اور وہ اپنے آپ کو بچانے کے لیے ملکی ادارے تباہ کردیں، اگر نواز شریف پاناما لیکس سے نکل گئے تو وہ مزید ادارے تباہ کریں گے اور اگلا الیکشن بھی خریدیں گے۔
احتساب ریلی میں بدنظمی
چیئرنگ کراس پر پی ٹی آئی کی احتساب ریلی میں خواتین بھی بڑی تعداد میں شریک تھیں تاہم ایک بار پھر ریلی کے اختتام پر بدنظمی دیکھنے میں آئی۔
لیکن اس بار پی ٹی آئی کی خواتین مکمل تیاری کے ساتھ آئی تھیں اور جیسے ہی دھکمل پیل مچی انہوں نے اپنے دفاع میں ڈنڈے نکال لیے اور لاٹھی چارج بھی کیا۔
پی ٹی آئی کی ریلی میں خواتین سے بدتمیزی کے کئی واقعات ہوچکے ہیں،اسی خدشے کے پیش نظر اس بار ان کے لئے کوئی مخصوص انکلوژر نہیں بنایا گیا تھا بلکہ خواتین کو ایک بڑے کنٹینر پر جگہ دی گئی تھی۔
تبصرے (1) بند ہیں